مسٹرجونیئرپاکستان مومن خان پردوسال کی پابندی وجرمانہ عائد،ایشیاء مقابلوں میں شرکت سے محروم

منگل 24 اپریل 2018 18:59

مسٹرجونیئرپاکستان مومن خان پردوسال کی پابندی وجرمانہ عائد،ایشیاء ..
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2018ء) خیبرپختونخوا باڈی بلڈنگ ایسوسی ایشن نے مسٹرجرنیئرپاکستان مومن خان پرڈسپلن کی خلاف ورزی پر دوسال پابندی اور پچاس ہزارروپے جرمانہ جبکہ نیوکنگ جیم پرچارسال کی پابندی اور ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا پابندی کے باعث مومن خان منگولیامیں ہونیوالے مسٹرایشیاء کے مقابلوں میں شرکت سے بھی محروم ہوگئے۔

خیبرپختونخوا باڈی بلڈنگ ایسوسی ایشن کاہنگامی اجلاس زیرصدارت جناب سہیل بن قیوم صدرکے پی ،چیئرمین ایگزیکٹیوکمیٹی پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن،نائب صدر کے پی اولمپک)منعقد ہوا جس میں کمیٹی کے ممبران ذوالفقاربٹ،شیرازمحمد،سعیدالرحمن، حیدرعلی اور طارق پرویزشامل تھے ۔ اجلاس میں20اپریل کوہونیوالے مسٹروجونیئرکے پی کے مقابلوں میں آخرمسٹرکے پی کامقابلہ ہارنے پر ہنگامہ آرائی،توڑپھوڑ،جیتنے والے کھلاڑی پرحملہ اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے جمنازیم ہال میں توڑپھوڑ پرغورکیاگیاتمام ہنگامی آرائی کے ذمہ دار نیوکنگ جیم کے کوچ اجمل ،ہارنے والے کھلاڑی مومن اور انکے ساتھیوں وقاص محمد ،مجیب اور دیگرپرعائداورثابت ہوئی جس کے ثبوت ویڈیوزکی صورت میں محفوظ ہیں اس ہنگامہ آرائی اور غنڈہ گردی سے سپورٹس بالخصوص باڈی بلڈنگ کے کھیل کو ناقابل تلافی نقصان پہنچااورکھیل کوبدنامی کاباعث بنا۔

(جاری ہے)

تمام کمیشن کے شرکاء کے متفقہ فیصلے کے بارے میں صدرسہیل بن قیوم نے اعلان کیاکہ نیوکنگ جیم پر چارسال کی پابندی اور ایک لاکھ روپے جرمانہ جبکہ کھلاڑی مومن پر دوسال پابندی اور پچاس ہزار روپے جرمانہ عائد کیاگیا پابندی پوری ہونے کے بعد جرمانہ ادانہ کرنے تک پابندی برقراررہے گی مزیدقانونی کارروائی کیلئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں۔