Live Updates

پی ٹی آئی نہ صرف خیبرپختوخوا بلکہ چاروں صوبوں اور وفاق میں حکومت بنائے گی، پرویزخٹک

منگل 24 اپریل 2018 21:31

پی ٹی آئی نہ صرف خیبرپختوخوا بلکہ چاروں صوبوں اور وفاق میں حکومت بنائے ..
نوشہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2018ء) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت اپنے منشور پرسو فیصد عمل کرکے تبدیلی کاوعدہ پورا کرلیا تحریک انصاف نہ صرف خیبرپختوخوا بلکہ چاروں صوبوں اور وفاق میں حکومت بنائے گی۔ ان خیالات کااظہار نوشہرہ کلاں اباخیل میں اسلم شاہ کی رہائش گاہ اور ڈاگئی جدید و ڈاگئی قدیم میںجلسوںسے خطاب کر تے ہوئے کیا۔

اس موقع پرممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر عمران خٹک، ضلع ناظم نوشہرہ لیاقت خان خٹک، صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں جمشید الدین کاکاخیل،تحصیل ناظم نوشہرہ احد خٹک، وزیر اعلیٰ کے صاحبزادے اسحاق خٹک، ضلع کونسلر بالو شوکت اور جان مست خٹک نے بھی خطاب کیا وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت کے پانچ سال اداروں کی بحالی، تباہ حال انفراسٹرکچر کو ٹھیک کرنے، تھانہ اور پٹوار کلچر میں بہتری لانے، عوام کی عزت نفس بحال کرنے اور تعلیم و صحت کے شعبوںمیں انقلابی اصلاحات کرنے میں صرف ہوئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اے این پی دور میں سید معصوم شاہ باچا نے کرپشن کے ریکارڈ قائم کئے اور اپنی تجوریاں بھریں ۔ عوام کے حقوق سلب کیے اس وقت صوبے میں دہشت گردی عروج پر تھی۔ سابق وزیر اعلیٰ امیر حیدر خان ہوتی اور دیگر وزراء عوام سے ملنے سے کتراتے تھے۔ یہ تحریک انصاف کی حکومت ہے جس نے صوبے میں امن وامان قائم کیا اور آج اے این پی کے قائدین کھلے جلسے کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اے این پی کے سابق دور حکومت میں صوبے کو تباہ حال کردیا گیا تھا۔ امن وامان کی صورت حال خراب تھی اور ہر طرف بدامنی اور بے چینی تھی مگر جب سے تحریک انصاف کی صوبائی حکومت آئی ہے ترقی کا دور دورہ ہے انہوں نے کہا کہ پی پی پی نے ہمیشہ عوام کو روٹی، کپڑا اورمکان کے نام پر لوٹا ان کو اپنے محلات بنانے سے کبھی فرصت نہیں ملی۔ جبکہ جے یوآئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے اسلام کی بجائے اسلام آباد کی دوغلی سیاست کی۔

پرویز خٹک نے سوال کیا کہ ایم ایم اے نے اپنے سابقہ دور حکومت میں اسلام کی کیا خدمت کی۔ اگر ان لوگوں نے عوام کی کوئی خدمت کی ہوتی تو عوام ان کومسترد نہیں کرتے۔ عوام مفاد پرست سیاست دانوں سے متنفر ہوچکے تھے اور عوام نے نظام کی تبدیلی کے لیے تحریک انصاف کو 2013 میں ووٹ دیا۔ عوام کو اپنے فیصلے سے مایوسی نہیں ہوئی اور آج عوام تبدیلی کے ثمرات سے مستفید ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوامی طاقت سی2018 کے انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے اور چاروں صوبوں اور وفاق میں تحریک انصاف حکومت بنائے گی اور عمران خان ہی اس ملک کے وزیر اعظم ہوں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات