جمہوری و سیاسی حقوق کیلئے آواز بلند کرنا نوجوانوں کی ذمہ داری ہے، آمنہ سردار

بدھ 25 اپریل 2018 12:43

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2018ء) بہتر طرز حکمرانی اورمضبوط جمہوریت کیلئے ووٹر اور امیدوار دونوں کے سیاسی و سماجی شعور میں اضافہ اور فیصلہ سازی میں عوام کی شرکت ناگزیر ہے۔ ان خیالات کا اظہارایم پی اے آمنہ سردار‘ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرہری پور سید خالد ہمدانی اور وائس چانسلر ہری پور یونیورسٹی ڈاکٹر عابد فرید نے سی آر ایس ایس کے زیر اہتمام اولسی تڑون ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں مختلف اضلاع کی تین یونیورسٹیوں کے طلباء و طالبات نے شرکت کی ، ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے خاتون ایم پی اے آمنہ سردار نے کہا کہ اپنے جمہوری و سیاسی حقوق کیلئے آواز بلند کرنا نوجوانوں کی ذمہ داری ہے کیونکہ بحیثیت مستقبل کے رہنما قوم کی ان سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں، انہوں نے اس بات پر زوردیا کہ انتخابات میں ووٹ ڈالتے وقت قومی اور سماجی مقاصد کو مدنظر رکھا جائے کیونکہ ذاتی مسائل اور خاندانی تعلقات پر ووٹ دینا جمہوریت کیلئے نقصان دہ ہے۔

(جاری ہے)

ڈی پی او ہری پور خالد ہمدانی نے کہا کہ قانون کی پاسداری حقوق کی ادائیگی کا نام ہے، مشاورت ،برداشت اور قانون کی نظر میں سب کی برابری قانون کی پاسداری کے لوازمات ہیں اور اس مقصد کیلئے آئین و قانون سے آگہی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک پر امن اور مہذب معاشرے کے قیام کیلئے ضروری ہے کہ ہم زبان ،ذات، فرقے اور مذہب کے نام پر تفریق سے باہر نکلیں۔ وائس چانسلر ہری پور یونیورسٹی ڈاکٹر عابد فرید نے کہا کہ ہمیں اپنی بڑھتی ہوئی آبادی کو مسئلہ بنانے کی بجائے موقع اور اثاثہ بنانے کی ضرورت ہے۔ اگر ہم اپنے نوجوانوں کی دور حاضر کی ضرورتوں کے مطابق تربیت کر سکے تو یہ ملک کا سب سے قیمتی اثاثہ بن سکتا ہے۔