رانا شمیم احمد خان کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس

انسداد دہشت گردی ترمیمی بل 2018ء قومی اسمبلی سے پاس کرانے کا فیصلہ

بدھ 25 اپریل 2018 20:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2018ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس کمیٹی چیئرمین رانا شمیم احمد خان کی زیر صدارت بندھ کو پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا جس میں اراکین کمیٹی ملک عبدالغفار ڈوگر، سید افتخار الحسن، میاں شاہد حسین خان بھٹی، احسان الرحمن مزاری، نواب محمد یوسف تالپور، کنور نوید جمیل، محمد سلمان خان بلوچ، نعیمہ کشور خان، شیر اکبر خان، عائشہ سیّد، زہرہ ودود فاطمی، وزیر داخلہ احسن اقبال کے علاوہ وزارت داخلہ اور اس کے متعلقہ محکموں، وزارت قانون و انصاف، پاسپورٹ آفس کے نمائندوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کوئٹہ میں ہونیوالے خودکش دھماکوںکے شہداء کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ کمیٹی نے زہرہ ودود فاطمی کی طرف سے پیش کئے گئے اسلام آباد برتھنگ سنٹر و ہاسپٹل میٹرنٹی سروسز بل 2017ء، عائشہ سیّد کے ویسٹ پاکستان میٹرنٹی بینیفٹ ترمیمی بل 2017ء، صاحبزادہ محمد یعقوب خان کی طرف سے پیش کردہ نیشنل ڈیٹا بیس و رجسٹریشن اتھارٹی ترمیمی بل 2017ء، سمن سلطانہ جعفری کے نیشنل ڈیٹا بیس و رجسٹریشن اتھارٹی ترمیمی بل 2018ء مؤخر کر دیا جبکہ محمد افضل خان ڈھانڈلہ کی طرف سے پیش کیا گیا انسداد دہشت گردی ترمیمی بل 2018ء کو قومی اسمبلی سے پاس کرانے کا فیصلہ کیا گیا ۔