آنیوالے انتخابات میںعوام مسائل کے حل کیلئے دین دار صالح کرپشن سے پاک باکردار لوگوں کو کامیاب کرائیں گے،مولانا عبدالحق ہاشمی

بدھ 25 اپریل 2018 23:04

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2018ء) امیرجماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاہے کہ آنے والے انتخابات میںعوام مسائل کے حل کیلئے دین دار صالح کرپشن سے پاک باکردار لوگوں کو کامیاب کرائیں گے۔ اب تک وفاق میںحکمرانی کرنے والوں نے ملک کو بے دین بنانے اورکرپشن کرنے کے سواکچھ نہیں کیا اہل بلوچستان مسائل وپریشانیوں کاشکار،عوام دلدل میں پھنس گیے ہیں تعلیم وصحت کی سہولیات ،پینے کے صاف پانی تک میسر نہیں پڑھے لکھے نوجوان روزگارکیلئے پریشان ہیں امن ناپید جبکہ بدامنی پھیل رہی ہے ۔

مظلوم بلوچستان کو سی پیک کے ثمرات بھی ٹھیک طرح سے ملتے نظر نہیں آتے ۔انہوں نے کہا کہ لٹیروں کا احتساب قومی ضرورت ترقی وخوشحالی کاراستہ ہے انشاء اللہ ایک بابرکت اسلامی انقلاب اس ملک کامقدربنے گا۔

(جاری ہے)

ہماری بدقسمتی ہے کہ جتنی بھی سیاسی جماعتیں ہیں یہ بظاہرجمہوریت اور اسلام کانام لیتی ہیں لیکن کئی کئی بار حکومتوں میں موقع ملنے کے باوجودانہوں نے ہی سب سے زیادہ ملک کے اسلامی تشخص پروارکیاہے،نہ انہوں نے خوداسلامی نظام حیات کو اختیارکیاہے اور نہ ہی آئین اور قانون کے مطابق اسلام کو اس ملک کاقانون بنایا ہے۔

یہ ملک اسلام کے نام پربنا اور لاکھوں مسلمانوں نے اس کو حاصل کرنے کے لیے قربانیاں دیں۔لوگوں نے اس خطہ کو اسلام کاقلعہ بنانے کیلئے جائیدادیں چھوڑدیں،رشتہ داریاں چھوڑدیں،تن کے کپڑے لے کراس ملک میں آگئے مگربدقسمتی سے مٹھی بھر اشرافیہ نے مل کران کے جذبوں کو مجروح کیاہے،ان کی قربانیوں کامذاق اڑایاہے جس کاآج ہم خمیازہ بھگت رہے ہیں۔

اس وقت قوم کواتحادکی ضرورت ہے،ہمارابڑا دشمن ہمارے بالکل سر پر کھڑاہے اللہ تعالیٰ نے ہمیں وسائل وخزانوں سے مالامال بہت وسیع وبڑاخطہ ہمیںعطا کیا ہے لیکن ہم اس کی ناقدری کر رہے ہیں۔حکمرانوں کی کاسہ لیسی سے یہ بات بالکل واضح ہوگئی ہے کہ موجودہ حکمران ہوں یاماضی کے حکمران ہوں ان سب نے عالمی صیہونیت اور امریکی گٹھ جوڑ کے آگے گھٹنے ٹیک چکے ہیں۔

انشاء اللہ متحدہ مجلس عمل کی قیادت اس صیہونیت اور امریکی گٹھ جوڑکے سامنے کھڑی ہوگی ۔اس وقت پاکستان کو ایک باکرداراور جرات مندقیادت کی ضرورت ہے،جوصرف قرآن وسنت کی بنیادپرہی ممکن ہو سکتی ہے ۔ جوبھی پروپیگنڈہ دینی جماعتوں کے بارے میں کیاجاتاہے یہ بھی استعمارکاایجنڈاہے تاکہ دینی شخصیات کوبدنام کرکے لوگوں کو دین سے متنفرکیاجائے لیکن انشاء اللہ ان کی یہ کوششیں ناکام ہوں گی۔