موجودہ حکومت کی رواں مالی سال کی معاشی کارکردگی کے بارے میں اقتصادی سروے 2017-18ء پیش کر دیا گیا

رواں سال شرح نمو 5.8 فیصد رہی، سیاسی بے یقینی کی صورتحال نہ ہوتی تو 6.1 فیصد کا ہدف بآسانی حاصل کر لیتے، توانائی کے شعبے میں ریکارڈ سرمایہ کاری ہوئی اور گزشتہ چار سالوں میں قومی نظام میں گیارہ ہزار میگاواٹ بجلی شامل کی گئی، پانچ سال میں 1750 کلومیٹر موٹروے کی تعمیر شروع کی گئی، پاکستان آج جنوبی ایشیاء کی سب سے نمایاں ترقی کرتی ہوئی معیشت بن چکا ہے، مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے 2013ء میں اقتدار سنبھالا تو قومی معیشت اور ریاست بحرانوں کا شکار تھی بالخصوص توانائی کا شعبہ تباہ حال تھا اور امن و امان کی صورتحال ابتر تھی، معاشی بحران کی وجہ سے ملک خلفشار کا شکار تھا، ملک میں بے روزگاری عروج پر تھی، ملک کا معاشی حب کراچی بھتہ خوروں کے ہاتھوں یرغمال بن چکا تھا، موجودہ حکومت نے جراتمندانہ اور دور رس نتائج کے حامل فیصلے کئے اور طویل المدت پلان 2025 بنایا وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کی مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر مفتاح اسماعیل، معاون ہارون اختر، وزیر مملکت برائے خزانہ رانا محمد افضل کے ہمراہ پریس کانفرنس

جمعرات 26 اپریل 2018 21:42

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2018ء) موجودہ حکومت کی رواں مالی سال کی معاشی کارکردگی کے بارے میں اقتصادی سروے 2017-18ء پیش کر دیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے یہاں جمعرات کو پرہجوم پریس کانفرنس کے دوران اقتصادی جائزہ پیش کیا۔ وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر مفتاح اسماعیل، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے محصولات ہارون اختر، وزیر مملکت برائے خزانہ رانا محمد افضل اور متعلقہ اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے موجودہ حکومت کی رواں مالی سال کے دوران معاشی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جب مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے 2013ء میں اقتدار سنبھالا تو قومی معیشت اور ریاست بحرانوں کا شکار تھی بالخصوص توانائی کا شعبہ تباہ حال تھا اور امن و امان کی صورتحال ابتر تھی، معاشی بحران کی وجہ سے ملک خلفشار کا شکار تھا، ملک میں بے روزگاری عروج پر تھی، ملک کا معاشی حب کراچی بھتہ خوروں کے ہاتھوں یرغمال بن چکا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے جراتمندانہ اور دور رس نتائج کے حامل فیصلے کئے اور حکومت نے ملکی ترقی کے لئے طویل المدت پلان 2025 بنایا۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال شرح نمو 5.8 فیصد رہی، اگر سیاسی بے یقینی کی صورتحال نہ ہوتی تو 6.1 فیصد کا ہدف بآسانی حاصل کر لیتے۔ ہمارے دور میں توانائی کے شعبے میں ریکارڈ سرمایہ کاری ہوئی، گزشتہ چار سالوں میں قومی نظام میں گیارہ ہزار میگاواٹ بجلی شامل کی گئی، پانچ سال میں 1750 کلومیٹر موٹروے کی تعمیر شروع کی گئی، پاکستان آج جنوبی ایشیاء کی سب سے نمایاں ترقی کرتی ہوئی معیشت بن چکا ہے، حکومت نے اپنے وسائل سے سکیورٹی آپریشنز شروع کئے، آپریشن ضرب عضب اور رد الفساد سے پاکستان محفوظ ملک بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی معاشی ترقی کو عالمی سطح پر بھی تسلیم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کی بدولت پاکستان خطے کا بہترین ملک بنے گا۔