چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کل سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں مختلف کیسوں کی سماعت کرینگے

جمعہ 27 اپریل 2018 16:13

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کل سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں مختلف کیسوں ..
لاہور۔27 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2018ء) چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کل ہفتہ کو سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں کیسوں کی سماعت کریںگے، چیف جسٹس پنجاب کی 56 کمپنیوں اورپی آئی سی میں مبینہ کرپشن کے علاوہ اہم از خود کیسزکی سماعت کریں گے اور عام سائلین کی درخواستوں پر کارروائی کریں گے۔ چیف جسٹس آف پاکستان اور جسٹس عمر عطا بندیال پر مشتمل دو رکنی بنچ سپریم کورٹ میں اہم مقدمات کی سماعت کرے گا، پی آئی سی کرپشن از خود کیس میں چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے ڈی جی نیب پنجاب کوعدالت میں طلب کر رکھا ہے، سپریم کورٹ میں اہم مقدمات کے علاوہ ہسپتالوں کی حالت زار سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت ہو گی۔

عدالت کے روبرو غیر قانونی شادی ہالز، ہسپتالوں کے فضلہ جات کو ٹھکانے لگانے، پنجاب کی 56 کمپنیز میں مبینہ کرپشن، سمبڑیال میں صحافی کے قتل، پاکستان ریلوے میں اربوں روپے کے خسارے سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت ہوگی۔

(جاری ہے)

عدالت نے وفاقی و صوبائی وزرا، بیوروکریٹس کے زیر استعمال لگژری گاڑیوں کے خلاف از خود نوٹس میں بھی رپورٹ طلب کر رکھی ہے۔ عدالت میں صاف پانی کی عدم فراہمی، میڈیکل کالجز میں زائد فیس وصول کرنے کے خلاف از خود نوٹس کی سماعت ہوگی۔ چیف جسٹس پاکستان کی ہدایت پر رجسٹرار سپریم کورٹ نے کیسز کی سماعت کے لئے کاز لسٹ جاری کردی ہے۔