حکمرانوں کی کارکردگی سے عوام کی امیدیں دم توڑنے لگی ہیں‘میاں مقصود احمد

دیہی اور شہری علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 16گھنٹوں سے تجاوز کر چکا ہے ‘امیر جماعت اسلامی پنجاب

جمعہ 27 اپریل 2018 20:55

حکمرانوں کی کارکردگی سے عوام کی امیدیں دم توڑنے لگی ہیں‘میاں مقصود ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2018ء) صدر متحدہ مجلس عمل پنجاب اورامیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں درجہ حرارت بڑھنے کے ساتھ ہی بدترین لوڈشیڈنگ کاسلسلہ شروع ہوگیا ہے ،شہروں میں8سے 10اور دیہاتوں میں14سی16گھنٹے کی لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے،2018میں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے حکومتی دعوے محض عوام کو بے وقوف بنانے کے لئے تھے جن کا پول کھل چکا ہے۔

انہوں نے کہاکہ بجلی کے بحران کی وجہ سے ملک کاصنعتی شعبہ زبوں حالی کاشکار ہے۔مزدوربے روزگاراوران کے گھروں میں فاقوں کی نوبت آن پہنچی ہے۔مہنگائی میں دن بدن ہوتے اضافے اور بے روزگاری نے لوگوں کو خود کشیاں کرنے پر مجبور کردیا ہے۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کے پانچ سال مکمل ہونے کو ہیں مگر عوامی مشکلات میں ذرابرابر بھی کمی نہیں ہوئی۔

(جاری ہے)

حکمرانوں کی غلط ترجیحات اور ناقص پالیسیوں کی وجہ سے لوگوں کی امیدیں دم توڑ چکی ہیں اور مایوسی کے اندھیرے چھانے لگے ہیں۔حکمرانوں کی ترجیحات سے ایسامحسوس ہوتا ہے کہ جیسے ان کو عوامی مسائل کے حل سے کوئی غرض نہیں۔ میاں مقصود احمد نے مزید کہاکہ موجودہ حکمران عوام کو ریلف فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں ۔اگر حکومت نے لوڈشیڈنگ پر قابونہیں پایا تو عوام سڑکوں پر نکل آئیں گے۔حکومت لوڈشیڈنگ کے عذاب سے چھٹکارہ پانے کے لئے سنجیدگی دکھائے اور سستے ذرائع ہوا،پانی اور قدرتی گیس سے بجلی پیداکی جائے۔بصورت 2013کے انتخابات میں جو حشر پیپلز پارٹی کا ہوا تھا وہی انجام مسلم لیگ کا بھی ہو سکتا ہے ۔