پیپلزپارٹی ضلع حیدرآباد کی جانب سے بجٹ 2018-19 مسترد ،غریب اور کم آمدنی والے طبقے کے لئے تباہ کن قرار

ہفتہ 28 اپریل 2018 21:17

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اپریل2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی ضلع حیدرآباد کے صدر صغیر احمد قریشی جنرل سیکرٹری علی محمد سہتو اطلاعات سیکریٹری احسان ابڑو نے بجٹ 2018-19 کو مسترد کرتے ہوئے اسے پاکستان غریب اور کم آمدنی والے طبقے کے لئے تباہ کن قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ایک غیر منتخب شخص اسمبلی کے فلور پر کھڑے ہوکر نہ صرف ووٹ کی عزت اتار رہا تھا بلکہ ووٹ کو عزت دو کی مہم چلانے والوں کے مذموم عزائم کی بھی عکاسی کررہا تھا۔

حکومت نے آئین کے آرٹیکل 91 کی شق 9 کی غلط تشریح کرتے ہوئے ایک غیر منتخب شخص کو وفاقی وزیر کا درجہ دے کر اپنے منتخب اراکین کی توہین کی ہے،مسلم لیگ ن کی عوام دشمن حکومت پہلے دن سے ملک کے تنخواہ دار طبقے کی دشمن رہی اور یہی دشمنی اس بجٹ میں بھی ثابت کی جب ایک اجنبی نے بجٹ پیش کرتے ہوئے تنخواہ میں 10 فیصد اضافہ کرکے ملک کے سرکاری ملازمین کو مصائب و آلام کی دلدل میں دھکیل دیا, یہ اضافہ سرکاری ملازمین کے معاشی قتل عام کی سازش ہے۔

(جاری ہے)

اس بجٹ میں سندھ, بلوچستان،گلگت بلتستان،سمیت ملک کے غیر ترقی یافتہ علاقوں کی ترقی کے لئے کچھ بھی نہیں رکھا گیا۔بجٹ میں کراچی کیلئے 25 ارب کے پیکج کا اعلان کراچی کی عوام کو دھوکا دینے کے مترادف ہے جو حکومت محض ایک مہینے کی مہمان ہے وہ اس طرح کے پیکجز کا اعلان کرکے آئین و قانون و اخلاقیات سے انحراف کررہی ہے۔مسلم لیگ حکومت نے اپنے دور حکومت میں پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ قرضے لیکر جو ریکارڈ قائم کیا ھے اب اس کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے جس کا ثبوت یہ بجٹ ہے۔

مسلم لیگ ن کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے پچھلے مہینوں ڈالر کی قیمتوں میں بیس فیصد کے قریب اضافہ ہوا ہے جس کا سارا بوجھ غریب اور پسے ہوئے طبقات پر ڈال دیا گیا ہے۔مسلم لیگ ن نوازشریف کی نااہلی کی سزا عوام کو دیکر جس طرح عوام دشمنی کا ثبوت دے رھی ھے انشائاللہ آئندہ انتخابات میں عوام بھی مسلم لیگ ن کو عبرت کا نشان بنا کر انہیں ووٹ کی عزت اور اسکی اہمیت کا بتا دیں گے۔