ملک میں ترقی و خوشحالی لانے کے لیے جمہوری نظام کا مضبوط ہونا ضروری ہے،وزیر مملکت برائے خزانہ رانا محمد افضل کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

اتوار 29 اپریل 2018 01:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2018ء) وزیر مملکت برائے خزانہ رانا محمد افضل نے کہا ہے کہ ملک میں ترقی و خوشحالی لانے کے لیے جمہوری نظام کا مضبوط ہونا ضروری ہے۔ ہفتہ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ووٹ کا تقدس پاکستان مسلم لیگ (ن) کے منشور کا حصہ بن چکا ہے،ہماری حکومت نے ملک کو درپیش بڑے چیلنجز کو حل کیا اور ووٹ کو عزت دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایک ذمہ دار سیاسی جماعت ہونے کی حیثیت سے اور لوگوں کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے حکومت نے ملکی معاملات کو کسی تعطل کے بغیر چلانے کے لیے چھٹا مالی بجٹ پیش کیا ہے۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے ملکی آئین و قانون کی بالادستی کے لیے بہت قربانی دی، انہوں نے مذید کہا کہ پاکستان مخالف قوتیں کبھی بھی ہمارے ملک میں سیاسی استحکام نہیں چاہتیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کی شکایات پارلیمان اور نظام کے لیے اچھا اشارہ نہیں۔