لوٹوں کو ساتھ ملا کر نیا پاکستان بنانے کے دعوے مذاق ہیں ، نیا پاکستان نفاذ نظام مصطفے سے بنے گا،صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی

اتوار 29 اپریل 2018 22:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اپریل2018ء) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے ترجمان صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ لوٹوں کو ساتھ ملا کر نیا پاکستان بنانے کے دعوے مذاق ہیں ۔ نیا پاکستان نفاذ نظام مصطفے سے بنے گا۔ ایم ایم اے کے جلسے پی ٹی آئی کے غبارے سے ہوا نکال دیں گے۔ ناچ گانے کے ذریعے ملک میں تبدیلی نہیں لائی جا سکتی۔

الیکشن میں انتشار کی سیاست دفن ہو جائے گی۔ مقبول سیاسی قیادت کو سائیڈ لائن کرنے کے نتائج پاکستان کے حق میں نہیں ہوں گے۔ پاکستان اس وقت مشکل دور سے گزر رہا ہے اس لئے سیاسی قیادت تحمل اور تدبر کا مظاہرہ کرے۔ 2 مئی کو اسلام آباد میں ہونے والا ایم ایم اے کا کنونشن نفاذ نظام مصطفے کی جدوجہد کا اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔

(جاری ہے)

ایم ایم اے کی فعالیت سے سیاست کا رخ بدلے گا۔

الیکشن 2018 میں متحدہ مجلس عمل کی کامیابی نوشتہ دیوار ہے۔ ایم ایم اے کو ملک بھر کے دینی حلقوں کی بھرپور حمایت اور عوام کا اعتماد حاصل ہے۔ میڈیا کو جاری کئے گئے بیان میں صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا ہے کہ ہم اقتدار نہیں اقدار کی سیاست کر رہے ہیں۔ 77 کی تحریک نظام مصطفے کی طرز پر انتخابی مہم چلائیں گے۔ کتاب کا نشان کامیابی کی ضمانت بنے گا۔

نظام مصطفے کا حامی ہر ووٹر کتاب کے نشان پر مہر لگا کر اسلام کے ساتھ اپنی وابستگی کا ثبوت دے گا۔ قرآن اور ایمان کی طاقت کے سامنے کوئی طاقت ٹھہر نہیں سکے گی۔ دینی جماعتوں کے کارکنان تاریخی انتخابی معرکے کے لئے کمر بستہ ہو جائیں۔ نظریاتی ووٹرز کی صف بندی کے لئے ہر شہر میں جلسے کریں گے۔ رمضان المبارک کے دوران افطار پارٹیوں کی صورت میں رابطہ مہم جاری رہے گی۔ شاہ اویس نورانی نے کہا کہ 13 مئی کو مینار پاکستان گراؤنڈ میں دین کے متوالے اپنی سیاسی طاقت کا بھرپور مظاہرہ کریں گے۔ لاہور جلسے کی تیاریوں کے سلسلہ میں 6 مئی کو الحمرا ہال نمبر ایک میں جے یو پی کا ورکرز کنونشن منعقد ہو گا۔