اسلام آباد میں امریکی سفارتکار کی گاڑی کی ٹکر سے دو موٹر سائیکل سوار زخمی ،ہسپتال منتقل

سفارت کار اور اس کی گاڑی تھانہ سیکرٹریٹ منتقل واقعے کی تحقیقات کے لئے ٹریفک پولیس سے معاونت لے رہے ہیں،ایس ایس پی اپریشنز نجیب الرحمن وزارت خارجہ سے سفارتی اہلکار تحریری تصدیق کے بغیر رہانہیںکریں گے،نجی ٹی وی سے گفتگو

پیر 30 اپریل 2018 00:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اپریل2018ء) اسلام آباد میں ایک اور امریکی سفارتکار کی گاڑی نے دوموٹر سائیکل سواروں کو ٹکر مار کرشدید زخمی کردیا۔ حادثہ اسلام آباد میں سیکرٹریٹ کے قریب پیش آیاجہاں امریکی سفارتکار سیکنڈسیکرٹری چارڈ ریکسن کی گاڑی نے راہ جاتے دوموٹرسائیکل سوارں کو کچل دیا ۔

(جاری ہے)

زخمی ہونے والے میں سے ایک کی شناخت نزاکت اسلم جس کاتعلق گڑھی دوپٹہ آزاد کشمیر سے جبکہ دوسرے کی شناخت عمران سے ہوئی ہے ، اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں جنہوں نے زخمی شہریوں کو ابتدائی طبی امدا د کے بعد پمز ہسپتال منتقل کردیا جہاں ان کا علاج معالجہ جاری ہے ۔

جبکہ سفارت کاراور اس کی گاڑی کو تحویل میں لے لیا گیا ہے ۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ایس ایس پی اپریشنز نجیب الرحمن کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کے لئے ٹریفک پولیس سے معاونت لے رہے ہیںاور واقعہ کے زمہ داروں کیخلاف قانون کے مطابق کاروائی کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ کو سفارتی اہلکار کی تحریری تصدیق کا کہاہے وزارت خارجہ سے سفارتی اہلکار تحریری تصدیق کے بغیر رہانہیں کرینگے ۔واضح رہے کہ کچھ روز قبل بھی امریکہ کے ملٹری اتاشی نے گاڑی کی ٹکر مارکر ایک شہری کی جان لے لی تھی۔