گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کی رجسٹریشن کیلئے الیکشن کمیشن میں درخواست جمع

پیر 30 اپریل 2018 19:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2018ء) سندھ کی سیاست میں اہم بریک تھرو، پیر پگارا کی سربراہی میں قائم گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی ای)کی رجسٹریشن کے لئے الیکشن کمیشن میں باضابطہ درخواست جمع کرادی گئی ہے درخواست پیر صاحب پگارا کی جانب سے پیپلزپارٹی ورکرز کے چیئرمین ڈاکٹر صفدر عباسی اور فنکشنل مسلم لیگ کے جنرل سیکریٹری و جی ڈی اے کے سیکریٹری اطلاعات سردار رحیم نے جمع کرائی درخواست گزشتہ روز الیکشن کمیشن کے دفتر اسلام آباد میں جمع کرائی گئی۔

رجسٹریشن کے بعد جی ڈی اے میں شامل جماعتیں ایک نشان پر الیکشن میں حصہ لے سکیں گی۔ فنکشنل مسلم لیگ، پیپلزپارٹی ورکرز، نیشنل پیپلزپارٹی، قومی عوامی تحریک، پیپلز مسلم لیگ سمیت دیگر جماعتیں جی ڈی اے کا حصہ ہیں جبکہ سندھ کی معروف سیاسی شخصیات انفرادی حیثیت میں جی ڈی اے میں شامل ہیں جن میں سابق وزیر داخلہ ڈاکٹر زوالفقار مرزا، عرفان اللہ خان مروت، آغا تیمور پٹھان، ن لیگ کے حاجی شفیع جاموٹ، رکن قومی اسمبلی سردار غوث بخش مہر، شہریار مہر، سید ظفر علی شاہ، غلام رسول انڑ سمیت دیگر اہم شخصیات بھی جی ڈی اے کا حصہ ہیں۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے سردار رحیم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جی ڈی اے کی رجسٹریشن کے بعد شامل جماعتیں اور شخصیات ایک پلیٹ فارم پر حصہ لیں گی پیر صاحب پاگارا کی سربراہی میں جی ڈی اے کو مزید مضبوط کیا جائیگا آنے والے وقت میں مزید اہم سیاسی شخصیات جی ڈی اے کا حصہ ہونگی سندھ میں آئندہ حکومت جی ڈی اے بنائیگی انہوں نے کہا کہ آنیوالا وقت جی ڈی اے کا ہے۔