چوہدری نثار علی خان کا ایک قومی اور دو صوبائی حلقوں سے الیکشن لڑنے کااعلان

قومی اسمبلی کے حلقہ 59اور صوبائی اسمبلی کے دو حلقوں پی پی10اور پی پی14سے الیکشن لڑونگا ،ْ چوہدری نثار علی خان

پیر 30 اپریل 2018 19:18

چوہدری نثار علی خان کا ایک قومی اور دو صوبائی حلقوں سے الیکشن لڑنے کااعلان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اورسابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ایک قومی اور دو صوبائی حلقوں سے الیکشن لڑنے کااعلان کیا ہے ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے قومی اسمبلی کے حلقہ 59اور صوبائی اسمبلی کے دو حلقوں پی پی10اور پی پی14سے الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے ۔

چوہدری نثار علی خا ن سے انکے انتخابی حلقہ این اے 59سے تعلق رکھنے والی27یونین کونسل کے چیئرمینوں اور وائس چیئرمینوں پر مشتمل وفدنے ملاقات کی۔ حلقے کے معززین بھی ملاقات میں موجودتھے۔وفد کے اراکین نے چوہدری نثار علی خان کی حلقے کے عوام کے لئے سر انجام دی جانے والی بے مثال خدمات اور قومی سیاست میں انکے کردار کو سراہاتے ہوئے کہا کہ انکی سیاست اور انکا کردارحلقہ پوٹھوہار کے عوام کے لئے باعثِ افتخار رہاہے اور انکا ہر ووٹر ان سے اپنی وابستگی پر فخر محسوس کرتا ہے۔

(جاری ہے)

وفد نے یقین دلایا کہ چوہدری نثار علی خان جس بھی پلیٹ فارم آنے والے الیکشنوں میں سے حصہ لیں گے حلقے کے عوام انکو ریکارڈکامیابی سے سر خرو کرائیں گے۔اس موقع پر چوہدری نثار علی خان نے تمام بلدیاتی نمائندگان کا شکریہ ادا کیا اور اعلان کیا کہ وہ آئندہ الیکشن قومی اسمبلی کے حلقہ 59اور صوبائی اسمبلی کے دو حلقوں پی پی10اور پی پی14سے لڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ٹیکسلا واہ کے حلقہ این ای63سے بھی الیکشن لڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں تاہم اس کا حتمی فیصلہ وہ ٹیکسلا واہ کے پارٹی لیڈران کی مشاورت کے بعد کریں گے۔