مزدوروں کے حقوق کا تحفظ اسلام کے سوا اور کہیں نہیں ہے‘ عبدالرشید ترابی

پیر 30 اپریل 2018 22:05

باغ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 اپریل2018ء) کنونیئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ کتاب اللہ اور عام کتاب سے تعلق کمزور ہونے کے باعث امت زوال کا شکار ہوئی ہے ،جب مسلمان علمی اور فکری لحاظ سے بالا دست تھے تو وہ دنیا کے حکمران تھے ،جب کتاب اور دینی اقدار کے ساتھ تعلق کمزور ہوا تو امت پستی میں جا گری،تمام صاحب شعور لوگ کتاب سے تعلق کو مضبوط کرنے کا شعور اجاگر کریں ،تحریک محنت محنت کشوں کی کردار سازی اور ان تک کتاب پہنچانے کا عظیم الشان مشن کی علمبردار ہے ہم اس کی بھرپو ر تحسین کرتے ہیں ،مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر ہم مزدوروں کو یقین دہانی کرواتے ہیں ان کے حقوق کا تحفظ اسلام کے سوا اور کہیں نہیں ہے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے تحریک محنت ضلع باغ کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،تقریب سے تحریک محنت پاکستان کے صدر خالد بخاری،تحریک محنت آزادکشمیر کے صدر طارق چغتائی،تحریک محنت ضلع باغ کے صدر اسحاق غیور سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہاکہ تحریک محنت علمی فکری اور نظریاتی محاذ پر مغربی تہذیبی یلغار کا بھرپور مقابلہ کررہی ہے ،معاشرے سے بے مقصدیت کے خاتمے اپنی روایات اور تاریخ سے محنت کشوں کو جوڑنے کا عظیم فریضہ سر انجام دے رہی ہے ،انہوں نے کہاکہ پاکستان کو نظریاتی سطح سے ہٹانے کے لیے اندروانی اور بیرونی سازشیں عروج پر ہیں اس کے توڑ کے لیے بھی ضروری ہے کہ علمی اور فکری محاذ پر بھرپور انداز سے کام کیا جائے ،پاکستان کی بقاء اور استحکام نظریہ پاکستان کے ساتھ ہی وابستہ ہے ،کشمیرکی آزادی کے لیے مضبوط اور مستحکم پاکستان کا ہونا ضروری ہے ،انہوں نے کہاکہ ایک ایجنڈے کے تحت نظریہ پاکستان کو تحلیل کیا جارہا ہے اس کے لیے ذرائع ابلاغ کو استعمال کیا جارہا ہے ،نظریہ پاکستان کے لیے فکری لام بندی کی ضرورت ہے ،ہمارے ہاں لائبریاں خالی پڑی ہوتی ہیں کتاب کے مطالعے کا کلچر ختم ہو چکا ہے اس کو عام کرنے کی ضرورت ہے ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تحریک محنت پاکستان کے صدر خالد بخاری نے کہاکہ تحریک محنت پاکستان اور آزادکشمیر میں بھرپور انداز سے محنت کشوں کے حقوق کا تحفظ اور ان کی کردار سازی کے لیے اہم کردار ادا کررہی ہے کتاب کے ساتھ تعلق کو مضبوط کرنے کے لیے تحریک محنت نے جگہ جگہ لابیریاں قائم کی ہیں سستی کتب فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ممبران کو کتاب پڑھنے کے لیے مفت فراہمی کا اہتمام موجود ہے انہوں نے کہاکہ پاکستان اور آزادکشمیر میں کتاب کے ساتھ تعلق کو مضبوط کرنے کے لیے بڑی مہم کی ضرورت ہے تحریک محنت اس حوالے سے منصوبہ بند ی کررہی ہے ۔