تحریک انصاف تبدیلی لے آئی ،جلسے کے شرکاء نے گریٹر اقبال پارک کا نقشہ ہی بدل ڈالا

قیمتی ماربلز،پودے، پولز اورجنگلے اکھاڑ دئیے ،گندگی کے ڈھیر/پی ٹی آئی نے نشاندہی کی صورت میں نقصان کے ازالے کی پیشکش کر دی

پیر 30 اپریل 2018 23:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2018ء) تحریک انصاف کے زیر اہتمام منعقدہ جلسے کے شرکاء نے گریٹر اقبال پارک کا نقشہ ہی بدل ڈالا ، قیمتی ماربلز ،پودے، پولز اورجنگلے اکھاڑ دئیے ، کنٹینر زاور کرسیاں بھی نہ اٹھائے جا سکے ،حکومت نے نقصان کا تخمینہ لگانے کا فیصلہ کر لیا جبکہ پی ٹی آئی نے نشاندہی کی صورت میں ازالہ کرنے کی پیشکش کی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے شرکاء اور سروسز فراہم کرنے والوں کی جانب سے گریٹر اقبال پارک میں جلسے کے دوران گریٹر اقبال پارک کو بری طرح نقصان پہنچایا ۔ بھاری کنٹینرز، کرسیاں لگانے کیلئے کئی پولز اکھاڑ دئیے گئے جبکہ پودے ، قیمتی ماربلز اور کئی مقامات سے جنگلے بھی اکھاڑ دئیے گئے ۔شرکاء کی جانب سے کھانے پانی کی اشیاء کے لئے استعمال ہونے والے ڈسپوزل برتن اور پوسٹرز وغیرہ پھینکے جانے کی وجہ سے گندگی کے ڈھیرے لگے ہوئے ہیں ۔

(جاری ہے)

جلسے کے منتظمین کی جانب سے تاحال کنٹینرز اورکرسیاں بھی نہیں اٹھائے گئے ۔ حکومتی افسران نے جلسے سے گریٹر اقبال پارک میں ہونے والے نقصان کا تخمینہ لگانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ دوسری طرف پی ٹی آئی وسطی پنجاب کے صدر عبد العلیم خان نے کہا ہے کہ گریٹر اقبال پارک ہمارا اثاثہ ہے ،اگر حکومت کی جانب سے نقصان کی نشاندہی کی جائے گی تو اس کا ازالہ کیا جائے گا۔