لاہور ،مردان میں ایم ایم اے کے پہلے کامیاب جلسے نے سیکولر فاشسٹوں پر لرزا طاری کر دیا ہے،صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی

اب ملک بھر میں اسلام پرستوں کے اجتماعات کی بہار آئے گی، 13 مئی کو مینار پاکستان والے جلسے میں ملکی مسائل کا حل پیش کریں گے، پاک سرزمین پر امریکی، مغربی اور یہودی ایجنڈہ نہیں چلنے دیں گے،مرکزی سکریٹری جنرل جمعیت علماء پاکستان

پیر 30 اپریل 2018 23:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اپریل2018ء) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سکریٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے ترجمان صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ مردان میں ایم ایم اے کے پہلے کامیاب جلسے نے سیکولر فاشسٹوں پر لرزا طاری کر دیا ہے۔ اب ملک بھر میں اسلام پرستوں کے اجتماعات کی بہار آئے گی۔ 13 مئی کو مینار پاکستان والے جلسے میں ملکی مسائل کا حل پیش کریں گے۔

پاک سرزمین پر امریکی، مغربی اور یہودی ایجنڈہ نہیں چلنے دیں گے۔ خیبر پختونخواہ میں نیا پاکستان دکھائی نہیں دیتا۔ اسلام پرستوں کا راج شروع ہونے والا ہے۔ لبرل ازم کا راستہ پوری طاقت سے روکیں گے۔ پاکستان اور قرآن لازم و ملزوم ہیں۔ ایم ایم اے پاکستان کو امریکہ کی غلامی سے آذاد کروائے گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے 2 مئی کو اسلام آباد میں ہونے والے قومی ورکرز کنونشن کی تیاریوں کے لئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ اسلام سے محبت کرنے والی قوم کی مدد سے الیکشن میں بڑے بڑے برج الٹ دیں گے۔ عوام الیکشن میں سیاسی شعور کی پختگی کا مظاہرہ کرے گی اور اہل امیدواروں کو کامیاب کر کے اسمبلیوں میں بھیجے گی۔ ووٹ کا درست استعمال ہی انقلاب نظام مصطفے کی بنیاد بنے گا۔ ایم ایم اے ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں عوامی اجتماعات منعقد کر کے عوام سے نظام مصطفے کے حامی امیدواروں کو ووٹ دینے کا حلف لے گی۔

شاہ اویس نورانی کا مزید کہنا تھا کہ دینی جماعتوں کے اتحاد پر اسلام پسند طبقات جھوم اٹھے ہیں۔ بار بار اقتدار میں آنے والوں سے مایوس قوم اس بار متحدہ مجلس عمل کو آزمائے۔ ہم قوم کو مایوس نہیں کریں گے۔ ایم ایم اے کی فعالیت سے پاکستان میں فرقہ واریت کی آگ بھڑکانے کی عالمی سازش ناکام ہو گئی ہے۔ ہم پاکستان کو شام اور عراق نہیں بننے دیں گے۔