پولیس تشدد سے ہلاک طالبعلم کے مقدمے میں گرفتار سابق ایس ایچ او اقبال کاندڑو، ہیڈ محرر ودیگر کو عدالت میں پیش کیا گیا

پیر 30 اپریل 2018 23:39

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2018ء) باقرانی تحصیل کے تھانہ شہید الاہی بخش سیال میں پولیس تشدد کے باعث ہلاک ہونے والے نویں جماعت کے طالبعلم کاشف شاہ کے مقدمے میں گرفتار تھانے کے سابق ایچ او اقبال کاندڑو، ہیڈ محرر جہان شاہ، غفار سیال اور جبار سیال کو تھرڈ جڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے چاروں ملزمان کو جیل حوالے کرنے کے احکامات جاری کیے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں ملزمان کو پولیس موبائل میں جیل منتقل کیا۔ واضع رہے کہ 16 روز قبل باقرانی تحصیل کے گاؤں مڈ فرید آباد کے دوکان میں ڈکیتی کے مقدمے میں طالبعلم کاشف شاہ کو شہید الاہی بخش سیال تھانہ کی پولیس نے گرفتار کیا جس کے بعد پولیس نے اس کی ہلاکت کو خودکشی قرار دیا تاہم ورثا کی جانب سے اسے تشدد کرکے ہلاک کرنے اور احتجاج کے بعد اس وقت کے ایس ایچ او اقبال کاندڑو، حیدر محرر جہان شاہ سمیت دیگر ملزمان کے خلاف کاشف شاہ کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔