محنت کش طبقے کی فلاح و بہبود کے بغیر ملکی ترقی ممکن نہیں ہے،چوہدری تنویر اسلم

پیر 30 اپریل 2018 23:52

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اپریل2018ء) یونین کونسل 38کے لیبر کونسلر چوہدری تنویر اسلم نے کہا ہے کہ محنت کش طبقے کی فلاح و بہبود کے بغیر ملکی ترقی ممکن نہیں ہے ، پاکستان کے محنت کش آج بھی انتہائی کم اجرتوں پر مہنگائی سے لڑتے ہوئے روز جیتے اور مرتے ہیں ۔ مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر محض سیمینار اور کانفرنسیں منعقد کرانے سے محنت کشوں کے مسائل حل نہیں ہو سکتے بلکہ اس کے لئے ٹھوس اورعملی اقدامات کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

موجودہ دور میں مزدوروںکو نہ صرف مہنگائی اور غربت کا سامنا ہے بلکہ بجلی اور سوئی گیس کی لوڈ شیڈنگ سے ہزاروں صنعتیں بند اور لاکھوں مزدور بے روز گار ہیں جب سے ملک بنا ہے کسی بھی حکومت نے محنت کشوں کے حقیقی مسائل کو حل کرنے کی کوشش نہیں کی محض وعدے اور دعوے کئے جاتے رہے ان خیالات کا اظہار چوہدری تنویر اسلم نے عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ چوہدری تنویر اسلم نے کہا کہ حکومت کے ساتھ ساتھ نجی شعبے کو بھی محنت کشوں کی ترقی اور فلاح و بہبود میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چایئے ۔