شاہراہ ریشم پرڈاکوؤں نے کرنسی ایکس چینج کی بکتر بند گاڑی کا عملہ اغواء کرلیا،

گاڑی میں ایک کروڑ روپے سے زائد نقدی موجود تھی

منگل 1 مئی 2018 13:55

مانسہرہ۔ یکم مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2018ء) مسلح ڈاکوؤں نے شاہراہ ریشم پر ناکہ کے دوران کرنسی ایکس چینج کی بکتر بند گاڑی کا عملہ اغواء کرلیا۔گاڑی میں ایک کروڑ روپے سے زائد نقدی موجود تھی۔گاڑی کے ڈرائیور کاوقوعہ کے 8گھنٹہ بعدموٹروے پولیس کے ذریعے مانسہرہ پولیس اورکرنسی ایکس چینج کے ذمہ داروں سے رابطہ کیا۔2اہلکار تاحال لاپتہ ہیں۔

مانسہرہ پولیس کے مطابق ویسٹرن یونین پاکستان کرنسی ایکس چینج کے نمائندہ کامران سعید نے پولیس کو بتایا کہ کرنسی ایکس چینج کی بکتر بند گاڑی میں ایک کروڑ سے زائد ملکی وغیرملکی کرنسی موجود تھی۔گاڑی میں ڈرائیور سمیت 3اہلکار گاڑی میں موجود تھے۔گاڑی مانسہرہ سے ایبٹ آباد کیلئے روانہ ہونے کے بعد لاپتہ ہوئی۔

(جاری ہے)

ڈرائیور سمیت 3اہلکاروں کے موبائل نمبر بھی بند ہیں۔

کامران سعید کی رپورٹ پر پولیس نے گاڑی اورعملہ کی تلاش شروع کی۔وقوعہ کے 8گھنٹہ بعدڈرائیور وارث نے موٹروے پولیس کے ذریعے مانسہرہ پولیس سے رابطہ کیا۔ڈرائیور وارث نے پولیس کو بتایا کہ تھانہ مانگل کی حدود میں ناکہ کے دوران ان کی گاڑی روکی گئی۔تینوں اہلکاروں کو گاڑی میں بٹھایا گیا۔ڈرائیور کے مطابق سنگ جانی کے قریب اسے گاڑی سے اتار دیا گیا۔آخری اطلاعات آنے تک لاپتہ 2اہلکاروں کی تلاش جاری ہے۔پولیس نے ڈرائیور سے پوچھ گچھ شروع کردی ہے۔