وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے تقریباً 13 سال کے عرصے میں مکمل ہونے والے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ کا افتتاح کر دیا

نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ 19 مربع کلو میٹر پر محیط ہے ،ْ پروازوں کا باقاعدہ آغاز جمعرات 3 مئی سے ہوگا ،ْرپورٹ

منگل 1 مئی 2018 13:59

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے تقریباً 13 سال کے عرصے میں مکمل ہونے والے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے تقریباً 13 سال کے عرصے میں مکمل ہونے والے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ کا افتتاح کر دیا۔ میڈیا رپور ٹ کے مطابق جدید ترین سہولیات سے آراستہ ملک کے سب سے بڑے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر وفاقی وزراء سمیت پی آئی اے کے افسران اور دیگر متعلقہ حکام موجود تھے۔

کراچی سے آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 300 نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈ کی، اس موقع پر وزیراعظم اور ایئرلائن حکام نے مسافروں کا استقبال کیا۔ پاکستان ایئرلائن کے ترجمان کے مطابق نئے ایئرپورٹ پر کراچی سے آنے والی پرواز کے کپتان فرخ مرزا اور زوہیر الیاس فرسٹ آفیسر تھے۔

(جاری ہے)

نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ 19 مربع کلو میٹر پر محیط ہے جہاں سے پروازوں کا باقاعدہ آغاز جمعرات 3 مئی سے ہوگا۔

اس سے قبل نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کا افتتاح 20 اپریل کو ہونا تھا تاہم نامعلوم وجوہات کے باعث تاریخ تبدیل کرتے ہوئے اس کا منگل کو افتتاح کیا گیا۔جدید ترین سہولیات سے آراستہ، دو رن وے والے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی عمارت کو جہاز کے پروں کے طرز پر بنایا گیا جہاں بیک وقت 28 ہوائی جہازوں کے مسافروں کو سہولیات مہیا کی جا سکتی ہیں۔

اسلام آباد کا نیا ایئرپورٹ خطے کے ایوی ایشن حب کے طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے جہاں مسافروں کی سہولت کیلئے 3 شاپنگ مالز، گالف کورس، سینما گھر، بڑا ہسپتال، کنونشن سینٹر، ڈیوٹی فری شاپس اور ریسٹورنٹ بھی موجود ہیں۔نئے ایئرپورٹ پر بین الاقوامی معیار کے مطابق سیلف چیک ان کاؤنٹرز، لانگ ٹائم پارکنگ، 8 فائر کریش ٹینڈرز، جدید ترین ایئرفیلڈ، طیاروں کو فنی سہولیات فراہم کرنے کیلئے جدید ترین ایم آر او سسٹم اور الگ کارگو ٹرمینل بھی بنایا گیا ہے۔

مشیر ہوابازی سردار مہتاب عباسی کے مطابق آج خوشی ہے کہ ایک خواب کو حقیقت ملی ہے، الحمدا لله حکومت ایک سنگ میل عبور کرنے میں کامیاب ہوئی ہے ،ْ 2013ء میں نواز شریف حکومت آئی تو زیر التواء کئی پاور سیکٹر ایئر پورٹس سمیت دیگر شعبوں کے منصوبوں کی تکمیل کا عزم کیا اور آج یہ منصوبہ مکمل ہوا ہے جو جدید ترین ہے۔ یقین ہے یہاں سے دنیا بھر کے ممالک تک رسائی ہوگی اور ہمارا کاروبار اور معیشت ترقی کریگی ،ْ یہ اس کا صرف افتتاح ہی نہیں بلکہ ہم جدید ترین سہولتوں کی فراہمی پر یقین رکھتے ہیں۔

آج ایک اور تاریخ رقم ہو رہی ہے گذشتہ دو ماہ کے دوران آپ نے ملک بھر میں کئی منصوبوں کا افتتاح کیا ہے اور آج ایک اور منصوبے کا افتتاح کیا گیا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ حکومت عوام کی خدمات پر یقین رکھتی ہے اور نہ صرف معاشی ترقی کیلئے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں پر یقین رکھتی ہے بلکہ سماجی اور معاشی سیاسی شعبوں کے مسائل کے خاتمہ کیلئے کوشاں ہے۔

حکومت نے عوام کی ترقی اور فلاح کیلئے جدید اقدامات کئے ہیں اور ملک ترقی کے نئے دور میں داخل ہو رہ اہے۔ یہ گرین فیلڈ ایئر پورٹ ہے جدید سہولتوں سے آراستہ ہے۔ یہ منصوبہ شروع کیا گیا تو ٹیکنالوجی میں کئی تبدیلیاں رونما ہوئیں، سی اے اے نے اس میں جدید ترین سہولتوں کو یقینی بنایا ہے تاہم ہمیں اس حوالے سے عالمی ماہرین کی مشاورت سے مزید بہتری کیلئے کام کرنا ہوگا جو دوسرے مرحلے میں ہوگا۔

سی اے ای سیکٹر قومی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کا حامل ہے۔ نواز شریف نے خصوصاً کہا تھا کہ نہ صرف یہ منصوبہ بلکہ دیگر ایئر پورٹس بھی مکمل کئے جائیں اور جنوری میں فیصل آباد ایئر پورٹ کا افتتاح ہوا اور آنے والے دنوں میں پشاور اور کوئٹہ کے اپ گریڈ ایئر پورٹس کا افتتاح ہوگا۔ 500 ملین ڈالر سے لاہور کی اپ گریڈیشن بھی کی جا رہی ہے اور چند دنوں میں اس منصوبہ کا افتتاح بھی ہوگا۔

سی اے اے بدلتی ہوئی دنیا کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے کام کر رہی ہے تاکہ مقامی اور عالمی مسافروں کو سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ سی اے اے خدمات فراہم کرنے والا ادارہ ہے جو فضائی سفر کو با آسانی سہولیات بنا رہا ہے ،ْہم جانتے ہیں کہ خلیجی ممالک میں ہوا بازی کا شعبہ کلیدی کردار ادا کر رہا ہے اور قومی معیشت میں کردار ہے۔ ہمارے فضائی مسافر 10 فیصد آبادی سے کم ہیں اور شعبہ میں ترقی کی وسیع گنجائش ہے ،ْیہ ایئر پورٹ نجی شعبہ کے تعاون سے چلایا جائیگا تاکہ عالمی معیار کی سہولیات فراہم ہوسکیں۔ وزیراعظم کا مشکور ہوں کہ قیمتی وقت نکال کر اس کا افتتاح کیا اور سی اے اے کی کارکردگی کو سراہا۔ کام کرنے والے تمام اداروں نے بہترین کام کیا ہے۔