خضدار میں مزدور اتحادکی جانب سے محنت کشوں کے ساتھ یکجہتی کیلئے ریلی نکالی گئی

منگل 1 مئی 2018 17:29

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2018ء) یکم مئی مزدور ڈے کے موقع پر خضدار میں مزدور اتحادکی جانب سے محنت کشوں کے ساتھ یکجہتی کے لئے ریلی نکالی گئی ۔ ریلی کی قیادت لیبر انسپکٹر میر منیراحمد مینگل ، چیئرمین مزدور اتحاد صابرحسین قلندرانی کررہے تھے ۔مزدور چوک سے آزادی چوک تک ریلی نکالی گئی ۔ ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینرزاٹھارکھے تھے جن پر نعرے درج تھے ۔

بعد ازاں دوالگ الگ جلسے منعقد ہوئے ،آزادی چوک پر جلسہ کے مہمان خاص میر منیراحمد مینگل تھے جب کہ رئیسانی ہائوس اسماعیل آباد میں جلسہ کے مہمان خاص سوشل ایکٹوسٹ بی بی ہماء رئیسانی تھی ۔آزادی چوک پر جلسہ عام سے لیبر انسپکٹر میر منیر احمدمینگل مزدور اتحاد خضدار کے چیئرمین صابرحسین قلندرانی،عبدالحمید کھیازئی وائس چیئرمین ہمزخان شیخ جونیئر وائس چیئرمین عبدالمالک بلوچ ،بولان مائننگ کے صدر شاہ نواز ، پیپلز پارٹی لیبرونگ بلوچستان کے ڈپٹی جنرل سیکریٹر محمد اسماعیل زہری ، مسلم لیگ (ن) خضدا رکے رہنماء منیراحمد قمبرانی ،انجمن تاجران کے رہنماء سید سمیع شاہ ،سعید احمد قلندرانی ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج خضدار میں مزدور ڈے منایاجارہاہے وطن عزیز میں مزدور کی زندگی یقینا بے حد تلخ ہے ، جو محنت و مشقت جان کی بازی لگا کرایک مزدورکرتا ہے انہیںاس کی اجرت صلہ نہیں ملتی ہے،آج مزدور دو وقت روٹی کے لئے بھی ترس رہی ہے ملک میں ایسے قوانین بنائے گئے ہیں کہ جن سے مزدور کی زندگی روز بروز تلخ ہوتی جارہی ہے ، اور مہنگائی کا بوجھ ان پر روز بروز بڑھتا جارہاہے ،مقررین نے کہاکہ مزدور اور اس کے خاندان کو بھی وہی سہولت ملنی چوہیئے جو عام طبقات کو مل رہاہے ، ملک میں طبقاتی نظام کا خاتمہ ہونا چایئے ، عدل و انصاف کا ماحول بننا چاہیئے ملکی دولت کو پوری قوم پر منصفانہ انداز میں تقسیم کی جانی چاہیئے ،رئیسانی ہائوس خضدار میں بی بی ہماء رئیسانی نے بھی خواتین کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ محنت کش کا ملک و ملت کی تعمیر میں اہم کردار ہوتا ہے ملکوں کو سنوارنے قومی املاک کو آراستہ کرنے میں محنت کش و مزدور جو کردار ادا کرتا ہے وہ ہم سب کے لئے مثال ہے تاہم یکم مئی لیبر ڈے کے موقع پر ہمیں اپنے ان محنت کش اور جفاکش مزدور کی ہمت افزائی کرنی ہے اور ہمیں اپنے نظام اور معاشرے کو یہ بتانا ہے کہ ملک میں اعتدال کا نظام لایاجائے مزدور کو انصاف فراہم کیا جاناچاہیے ملک کی دولت برابری کی بنیاد پر تقسیم کیاجانچاہیئے ، مزدور کے بچے بھی اس اسکول میں پڑھیں جہاں امیر کے بچے پڑھتے ہیں ، مزدور بھی وہی کہائے جو امیر کے بچے کھاتے ہیں ، انہوںنے کہاکہ محنت کش صرف مرد نہیں بلکہ خاتون بھی محنت کش ہے جو گھر کو سنبھالتی ہے ، بچوں کی نشو نماء کرتی ہے ہمیں مزدور کی محنت کو قدر کی نگاہ سے دیکھنا چاہیئے ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب یوبی ایل چوک پر لیبر فیڈریشن کی جانب سے بھی مزدور ڈے پر جلسہ عام کیا گیا جس سے سیاسی رہنمائوں نیشنل پارٹی کے صدر رئیس بشیراحمد مینگل ، جماعت اسلامی خضدار کے صدر مولانا محمد اسلم گزگی ،پیپلزپارٹی ضلع خضدار کے صدر خالد محمود ایڈوکیٹ ، اورنگزیب زہری ، جاوید احمد ، خلیل احمد چنال ، و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔