ساہیوال، ایڈیشنل سیشن جج نے پنجاب اسمبلی کے سپیکر کے بہنوئی کے مقدمہ کا فیصلہ سناتے ہوئے دو ملزموں زاہد اور سجادکو قید سخت اور جر مانہ کی سزا سنادی

بدھ 2 مئی 2018 15:50

ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2018ء) ایڈیشنل سیشن جج ساہیوال چو ہدری سعید اختر سندھو نے پنجاب اسمبلی کے سپیکر کے بہنوئی سابق ممبر ضلع کونسل رائو مشکور خاں کے مقدمہ قتل کا فیصلہ سناتے ہوئے دو ملزموں زاہد اور سجاداحمد کو 25.25سال قید سخت اور تین تین لاکھ روپے جر مانہ کی سزا سنائی۔

(جاری ہے)

عدالت نے اس مقدمہ قتل کے دیگر چار ملزموں مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے چو ہدری محمد طفیل جٹ،تین مسلم لیگی کارکنوں محمد اکبر،اسکے بیٹے اقبال اور عبد السلام کو شک کا فائدہ دے کر بری کر دیا ۔

استغاثہ کے مطابق 14جولائی 2015کو صبح 7بجے سیاسی رنجش کی بنا پر مو ٹرسائیکل سوار ملزموں نے آتشی اسلحہ سے گولیاں مار کر بلاک نمبر 10چیچہ وطنی میں ڈیرہ پر بیٹھے ہوئے سابق ممبر ضلع کونسل ساہیوال رائو مشکور خاں کو قتل کر دیا تھا جس پر پولیس نے چھ ملزموں ایم این اے محمد طفیل جٹ سمیت کے خلاف مقدمہ 1109,302،34 ت پ مقدمہ درج کر لیا تھا ۔مقتول رائو مشکور خاں پنجاب اسمبلی کے سپیکر رانا محمد اقبال کے بہنوئی تھے۔