گرمی آتے ہی عوام پر لوڈشیڈنگ کاعذاب نازل ہوگیا ہے ،جماعت اسلامی لاہور

لوڈشیڈنگ فری پاکستان کے دعویدار خود لوڈ شیڈنگ میں گم ہو گئے : ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد

جمعرات 3 مئی 2018 21:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 مئی2018ء) گزشتہ پانچ برس سے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا اعلان کرنے والے حکمران آج عوام کو نظر نہیں آ رہے ،موسم گرما کے آتے ہی عوام پر لوڈ شیڈنگ کاعذاب نازل کر دیاگیا ہے، اور شارٹ فال تین ہزار میگا واٹ سے بڑھ چکا ہے، جبکہ ابھی ماہ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے، موسم گرما کا آغاز ہے، اگر بجلی کی لوڈشیڈنگ کا حال یہی رہا تو عوام خود کشیوں پر مجبور ہو نگے، ان خیالات کا اظہارامیر جماعت اسلامی و صدر متحدہ مجلس عمل لاہور ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے شہر میں ہونے والی بلا شیڈول اور بلا تعطل لوڈ شیڈنگ پر اپنے مذمتی بیان میں کہا ،انہوں نے کہا کہ لوڈشیدنگ کے خاتمے کے داعویدار حکمران اور نام نہاد خادم اعلی کہاں ہیں، کیا انہیں آج لوڈشیڈ نگ نظر نہی آتی،غریب عوام اور گھروں اور ہسپتالوں میں موجود مریض بزرگ خواتین وحضرات اور معصوم بچے ، اس لوڈشیڈنگ میں کہا جائیں ، حکمرانوں کی عیاشیاں ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہی، ان کے محلات تو ہر وقت روشن رہتے ہیں ، مگر غریب کے گھر کا دیا حکمرانوں نے گل کر دیا ہے، یہ حکمران اور ان کے دعوے لوڈشیڈنگ میں ہی گم ہو گئے ہیں ،اگر حکومت نے غریب عوام کو سہولت دینے اور لوڈشیڈنگ کے عذاب سے نجات دلانے کے فوری اقدامات نہ کیے تو جماعت اسلامی لاہور شہر کے تمام اہم چوراہوں پران کے خلاف صدائے احتجاج بلند کریگی اور کے ،الیکٹرک کی طرح ان کا بھی گھرائو کیا جائے گا، اور گرمی کے ستائے ہوئے شہری حکمرانوں کے جھوٹے وعدوں کا جواب الیکشن میںانہیں مسترد کرکے دیں گے۔