مشترکہ حریت قیادت کی بھارتی فورسز کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کے قتل عام کی مذمت

شہداء کے مشن کو اس کے منطقی انجام تک پہچانے کے عزم کا اعادہ

جمعہ 4 مئی 2018 11:20

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یٰسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ وادی خاص طور پر جنوبی اضلاع میں بے گناہ نوجوانوں کے قتل عام کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مشترکہ قیادت نے سرینگر کے علاقے حیدر پورہ میں سید علی گیلانی کی رہائش گاہ پر منعقدہ ایک اہم اجلاس میںمقبوضہ کشمیر کی ابتر صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔

مشترکہ قیادت نے بھارتی فوجیوں کی طرف سے پر امن مظاہرین پر اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں پیر کے روز شہید ہونے والے نویں جماعت کے طالب علم عمر احمد کمہار اوردیگر شہدا ء کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انکے مقدس مشن کی تکمیل تک جد وجہد جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔

(جاری ہے)

مشترکہ قیادت نے کہا کہ کسی کو بھی شہداء کے عظیم مشن کے ساتھ بے وفائی کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی ایجنسیوں کی طرف سے حق خود ارادیت کی مقدس تحریک کے خلاف پھیلائے جانے والے زہریلے پروپیگنڈے اور ریشہ دوانیوں کا ایک مضبوط اتحاد و اتفاق کے ساتھ مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوںنے کشمیریوں سے اپیل کی کہ وہ نظم و ضبط اور صبر و تحمل کا دامن ہر حال میں قائم و دائم رکھیں۔ اجلاس کے بعد مشترکہ قیادت کی طرف سی جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ نہتے کشمیریوں پر بھارتی جارحیت کے خلاف آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان 5مئی بروز ہفتہ سرینگر کے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کے دوران کیا جائے گا۔