بھارت میں موٹرسائیکل سوار کو بچاتے بس الٹ گئی،27افراد جل کر ہلاک

صرف چارمسافروں کو بچایاجاسکا،ریاستی وزیراعلیٰ اوروزیراعظم مودی کا واقعے پر افسوس،لواحقین سے اظہار ہمدردی

جمعہ 4 مئی 2018 13:20

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2018ء) بھارتی ریاست بہار میں مسافر بس میں آگ لگنے سے کم از کم 27افراد جل کر ہلاک ہوگئے۔بدقسمت بس میں سوار صرف چار افراد کو بچایا جاسکا ، جنہیں زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا۔وزیراعلیٰ نتیش کمار نے سانحہ پر افسوس کا اظہار کیاہے جبکہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بس حادثے میں جانوں کے ضیاع پر افسوس اور لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حادثہ کو اٴْس وقت پیش آیا جب مظفرپور سے نئی دہلی جانے والی مسافر بس بہار کے بیلوا گاوں کے قریب الٹ گئی،جس کے بعد اٴْس میں آگ لگ گئی۔ریاست کے وزیر برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ دنیش چندرا یادیو نے حادثے میں 27افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی۔پولیس کے مطابق بدقسمت بس میں سوار صرف چار افراد کو بچایا جاسکا ، جنہیں زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

(جاری ہے)

پولیس نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا کہ موٹرسائیکل سوار کو بچانے کی کوشش کے دوران بس ڈرائیور سے بے قابو ہوکر الٹ گئی اورلوگوں کے مدد کے لئے پہنچنے سے پہلے ہی اٴْس میں آگ بھڑک اٹھی۔وزیراعلیٰ نتیش کمار نے پٹنہ میں ایک تقریب کے دوران سانحہ کے سوگ میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی اور افسوس کا اظہار کیاہے ۔ادھربھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بس حادثے میں جانوں کے ضیاع پر افسوس اور لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔