عمران خان ایس ایس پی تشدد کیس سے بری

عمران خان سمیت تحریک انصاف کے دیگر رہنماؤں پر 2014 کے دھرنے کے دوران 4 مقدمات قائم کیے گئے تھے

جمعہ مئی 14:36

عمران خان ایس ایس پی تشدد کیس سے بری
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 مئی2018ء) انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے 2014 کے اسلام آباد دھرنے کے دوران قائم کیے گئے ایس ایس پی عصمت اللہ جونیجو تشدد کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو بری کردیا۔تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے عمران خان کے خلاف ایس ایس پی عصمت اللہ جونیجو تشدد کیس میں وکلاء کے دلائل سننے کے بعد 10 اپریل کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

25 اپریل کو مذکورہ کیس کی گزشتہ سماعت پر عمران خان کے پیش نہ ہونے پر انسداد دہشت گردی عدالت نے بریت کی درخواست پر فیصلہ 4 مئی تک کیلئے موخر کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا تھا۔ عمران خان ذاتی حیثیت میں انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہوئے ،ْ جہاں انہیں ایس ایس پی تشدد کیس میں بری کردیا گیا۔

(جاری ہے)

انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ آپ کو اس کیس سے بری کیا جاتا ہے۔

عمران خان سمیت تحریک انصاف کے دیگر رہنماؤں پر 2014 کے دھرنے کے دوران 4 مقدمات قائم کیے گئے تھے جن میں پی ٹی وی کے دفتر ،ْ پارلیمنٹ اور ایس ایس پی عصمت اللہ جونیجو پر حملے سمیت لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی کا مقدمہ شامل ہے۔عمران خان، شاہ محمود قریشی اورجہانگیر ترین سمیت دیگر پارٹی رہنما ان کیسز میں ضمانت پر ہیں۔