لاہور فضائی آلودگی میں سرفہرست، دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار

شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس 304 ریکارڈ، سانس سمیت دیگر بیماریاں بڑھنے کا خدشہ

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی جمعہ 17 اکتوبر 2025 11:21

لاہور فضائی آلودگی میں سرفہرست، دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 17 اکتوبر 2025ء )  دنیا کے آلودہ ترین ممالک کی تازہ فہرست میں پاکستان پہلے نمبر پر آگیا، بھارت دوسرے نمبر پر ہے۔ ماحولیاتی ماہرین کے مطابق لاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس 304 ریکارڈ کیا گیا، جو انسانی صحت کے لیے انتہائی خطرناک حد تصور کی جاتی ہے۔ ادھر بھارت کے دارالحکومت دہلی اور پاکستان کے صنعتی شہر فیصل آباد میں بھی فضائی معیار تشویشناک ہے جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 221 تک پہنچ گیا ہے۔

(جاری ہے)

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ 302 سے اوپر اے کیو آئی انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر ہوتا ہے جس سے سانس سمیت دیگر بیماریاں بڑھنے کا خدشہ رہتا ہے۔ ماہرین کے مطابق فصلوں کی باقیات جلانے، گاڑیوں کے دھویں اور صنعتی اخراج کے باعث آنے والے دنوں میں فضائی آلودگی مزید بڑھنے کا امکان ہے، شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں اور ماسک کے استعمال کو یقینی بنائیں۔ دوسری جانب محکمہ تحفظِ ماحولیات نے آلودگی پھیلانے والے عناصر کے خلاف آپریشن جاری رکھا ہوا ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ لاہور اور محکمہ ٹرانسپورٹ نے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں مزید تیزی آ گئی ہے۔