Live Updates

یو این کی طرف سے پاکستان افغانستان جنگ بندی کا خیرمقدم

یو این جمعہ 17 اکتوبر 2025 01:45

یو این کی طرف سے پاکستان افغانستان جنگ بندی کا خیرمقدم

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 17 اکتوبر 2025ء) اقوام متحدہ نے افغانستان اور پاکستان کے مابین جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کشیدگی کا مستقل خاتمہ کریں اور عام شہریوں کا تحفظ یقینی بنائیں۔

اطلاعات کے مطابق، دونوں ممالک نے 10 اکتوبر سے جاری جھڑپوں کے بعد دو روز کے لیے عارضی جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے۔

Tweet URL

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے جنگ بندی کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے فریقین سے کہا ہے کہ وہ لڑائی ختم کرنے کے لیے پائیدار امن قائم کرنے پر متفق ہوں۔

(جاری ہے)

افغانستان میں اقوام متحدہ کے امدادی مشن (یوناما) نے کہا ہے کہ اسے مصدقہ اور تشویشناک اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ دونوں ممالک کے مابین حالیہ جھڑپوں میں خواتین اور بچوں سمیت بہت سے عام شہری ہلاک و زخمی ہوئے ہیں۔ سب سے زیادہ جانی نقصان جنوبی افغانستان کے صوبہ قندھار کے ضلع سپین بولدک میں ہوا، جہاں ابتدائی معلومات کے مطابق کم از کم 17 افراد ہلاک اور 346 زخمی ہوئے ہیں۔

'یوناما' نے اس سے پہلے افغانستان کے صوبہ پکتیکا، پکتیا، کنڑ، اور ہلمند کے سرحدی علاقوں میں ہونے والی جھڑپوں میں بھی کم از کم ایک شہری کی ہلاکت اور 15 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی تھی۔

عالمی قوانین کی پاسداری لازم

مشن نے کہا ہے، تمام فریقین پر لازم ہے کہ وہ عسکری کارروائیوں میں بین الاقوامی قانون کے مطابق امتیاز، تناسب اور احتیاط کے اصولوں کی پاسداری کریں تاکہ شہریوں کو ممکنہ نقصان سے بچایا جا سکے۔

افغانستان اور پاکستان کے مابین سرحد پار جھڑپوں اور ایک دوسرے کے خلاف بڑے پیمانے پر گولہ باری کا سلسلہ ایک ہفتے سے جاری ہے۔ اس دوران پاکستان کی جانب سے کابل میں فضائی حملے بھی کیے گئے ہیں۔

پاکستان کا الزام ہے کہ افغانستان اپنی سرزمین پر ایسے مسلح شدت پسندوں کو پناہ دے رہا ہے جو پاکستان میں حملے کرتے ہیں جبکہ افغانستان میں طالبان حکام ان الزامات کی تردید کرتے ہیں۔

Live پاک افغان کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات