پاکستان کپ ، قوانین کی خلاف ورزی پر کئی انٹر نیشنل سٹارز کو جرمانے

جمعہ 4 مئی 2018 15:57

پاکستان کپ ، قوانین کی خلاف ورزی پر کئی انٹر نیشنل سٹارز کو جرمانے
فیصل آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔4 مئی 2018ء) پاکستان ون ڈے کپ میں ڈومیسٹک قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر کئی کھلاڑیوں کو جرمانے کر دیئے گئے جن میں کامران اکمل اور احمد شہزاد سر فہرست ہیں۔پاکستان کپ میں بلو چستان کی نمائندگی کرنے والے قومی ٹیم کے اوپننگ بلے باز احمد شہزاد نے ایک بار پھر ڈومیسٹک قوانین کی خلاف ورزی کر تے ہوئے ساتھی بیٹسمین کو کھری کھری سنادین جس پر میچ ریفری ایکشن میں آئے اور انہیں میچ فیس کا 40 فیصد جرمانہ کر دیا۔

قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل کو سلو اوور ریٹ کی وجہ سے 30 ہزار روپے جرمانہ کرنے کے ساتھ ساتھ ایک میچ کی پابندی بھی لگائی گئی۔فاسٹ باﺅلر جنید خان، لیگ سپنر اسامہ میر، اورفاسٹ باﺅلر عثمان خان شنواری کو بھی قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانے ہوئے۔

(جاری ہے)

پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیراہتمام جاری پاکستان ون ڈے کرکٹ کپ میں فیڈرل ایریا کی ٹیم سرفہرست ہے جبکہ سندھ اور بلوچستان کی ٹیمیں بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی کے مشیر شکیل شیخ نے بتایا کہ ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے پانچ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں فیڈرل ایریا، سندھ،، بلوچستان،، خیبر پختونخوا اور پنجاب کی ٹیمیں شامل ہیں،فیڈرل ایریا کی ٹیم 4 میچز کھیلنے بعد 8 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے جبکہ خیبر پختونخوا کی ٹیم 4میچز میں 4پوائنٹس لے کر دوسر ے ، بلوچستان کی ٹیم 4میچز کھیل کر 2پوائنٹس کے ساتھ تیسرے ،پنجاب کی ٹیم تین میچز کھیل کر 2پوائنٹس کے ہمراہ چوتھے جب کہ سندھ کی ٹیم تین میچ کھیلنے کے بعد 2 پوائنٹس کے ساتھ آخری نمبر پر موجود ہے ۔ آج پنجاب اور سندھ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل 6 مئی کو کھیلا جائے گا۔