میزان بینک اور آئی او بی ایم کے درمیان معاہدہ

جمعہ 4 مئی 2018 17:33

میزان بینک اور آئی او بی ایم کے درمیان معاہدہ
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2018ء) میزان بینک نے معروف تعلیمی ادارے انسٹیٹیوٹ آف بزنس مینجمنٹ (IoBM) کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کر دیئے ہیں۔ اس معاہدے کے تحت آئی او بی ایم میں ایس ایم ای بینکنگ اورانٹرپنیورشپ میں ایم بی اے پروگرام متعارف کرایا جائے گا۔ معاہدے پر میزان بینک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر عرفان صدیقی اور آئی او بی ایم کے صدر طالب ایس کریم نے دستخظ کئے۔

اس موقع پر اسٹیٹ بینک کے ایڈیشنل ڈائریکٹر عرفان احمد بھی موجود تھے۔ میزان بینک نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کیلئے مشاورت اور تکنیکی خدمات فراہم کرنے کیلئے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔ آئی او بی ایم کے ساتھ معاہدہ سے اس اشتراک کو تعلیمی میدان تک وسعت دے دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اسی وجہ سے یہ خصوصی ایم بی اے پروگرام نوجوان کاروباری حضرات اور ایس ایم ای بینکرز کی ضروریات کو مدِّنظر رکھتے ہوئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

اس موقع پر میزان بینک کے صدر عرفان صدیقی نے کہا کہ میزان بینک اور آئی او بی ایم کے مابین تعاون چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری حضرات اور اداروں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں مددگار ثابت ہو گا۔ ہمیں امید ہے کہ یہاں سے تیار ہونے والے طلباء نہ صرف میزان بینک بلکہ پوری اسلامی بینکنگ صنعت اور پاکستان کی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں گے۔