انتظامیہ نے ماہ صیام کے دوران اشیاء خورد نوش کی سستے داموں فراہمی یقینی بنانے کے لیے پلان مر تب کر لیا،ڈپٹی کمشنر

جمعہ 4 مئی 2018 19:03

راولپنڈی04 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2018ء) ضلعی انتظامیہ راولپنڈی نے ماہ صیام کے دوران شہریوں کو روزانہ استعمال کی اشیاء خورد نوش کی سستے داموں فراہمی یقینی بنانے کے لیے پلان مر تب کر لیا ہے ۔پلان کے تحت انتظامیہ کے افسران اور متعلقہ سر کاری محکموں اور اداروں کے نمائندے مارکیٹوں، بازاروںاور خصوصی رمضان بازاروں سے مقررہ رعایتی نرخوں پر آٹے ، چاول، چینی ، دالیں ، پھل، سبزیاں اور دیگر روزمرہ استعمال کی ضروری اشیاء کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی طلعت محمود گوندل نے اس سلسلے میں تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ رمضان بازاروں میں شہریوں کو ذیادہ سے ذیادہ ریلیف دینے کے لیے معیاری اشیاء کی وافر مقدار میں فراہمی یقینی بنائی جائے گی اور رمضان بازاروں میں خریداروں کے لیے پارکنگ، سیکیورٹی ، امن وامان ، ہیلپ ڈیسک ، کنٹرول روم اور مرکز شکایات سمیت دیگر سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے تاجر وں کے نمائندوں ، صارفین کی تنظیموںاور دیگر متعلقہ اداروں سے بھی رابطہ کر لیا گیا ہے اور تمام سٹیک ہولڈرز کی شرکت سے ما ہ رمضان کے دوران خریداروںکے لیے ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیںگی۔ طلعت محمود گوندل نے کہا کہ راولپنڈی ضلع کی تمام تحصیلوں میں اس نوعیت کے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں تاکہ شہری حکومت پنجاب کی طرف سے خصوصی رمضان پیکج کے تحت ذیادہ سے ذیادہ ریلیف حاصل کر سکیں۔

متعلقہ عنوان :