Live Updates

رمضان المبارک سے قبل ضلع کورنگی کو صاف ستھرا سرسبز بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں، سید نیئر رضا

جمعہ 4 مئی 2018 19:19

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2018ء) چیئرمین بلدیہ کورنگی سیدنیئر رضا نے ضلعی حدود میں بلدیہ کورنگی کے تحت گلیوں اور شاہراہوں کی تعمیر سمیت جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے اور جاری ترقیاتی کاموں کو رمضان المبارک سے قبل پایہ تکمیل تک پہنچا کر عوام کو بروقت سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے بلدیہ کورنگی کے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ رمضان المبارک سے قبل علاقائی سطح پر بلدیاتی مسائل کو حل کرنے کے لئے تمام تر محکمانہ کاوشوں کو بروئے کار لایا جائے۔ جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار چیئر مین بلدیہ کورنگی سیدنیئر رضا نے وائس چیئر مین سید احمر علی کے ہمراہ ضلع کورنگی کے شاہ فیصل ،ملیر ماڈل ،کورنگی اور لانڈھی زونز کا تفصیلی دورہ کرکے مختلف یونین کمیٹیز میں جاری گلیوں اور شاہراہوں کی تعمیر سمیت دیگر علاقائی ترقیاتی منصوبوں پر کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر یونین کمیٹیز کے چیئر مین وائس چیئر مین اور کونسلرز کے علاوہ بلدیہ کورنگی کے محکماجاتی سربراہان بھی موجود تھے ۔چیئر مین سید نیئر رضا نے جاری ترقیاتی امور کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی عمل کی مکمل نگرانی اور اسے وقت مقررہ پر پایہ تکمیل تک پہنچا یا جائے تاکہ عوام کو ترقیاتی عمل کے دوران حائل دشواریوں سے بچا یا جاسکے اس موقع پر انہوںنے کہاکہ ترقیاتی منصوبوں میں استعمال ہونے والے میٹریل کا خاص خیال رکھا جائے دورے کے موقع پر مختلف علاقوں میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے عوام کو یقین دلا یا کہ بلدیہ کورنگی عوام کو بنیادی مسائل سے چھٹکارہ دلا نے کے لئے شب روز کوشاں ہے اس وقت ضلع کورنگی کی تمام یونین کمیٹیز میں علاقائی ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے چیئر مین سیدنیئر رضا نے عوام کو یقین دلا یا کہ انشا اللہ عوامی تعاون کے ذریعے رمضان المبارک سے قبل ضلع کورنگی سے مسائل کا خاتمہ اور صاف ستھرا سرسبز ماحول کا قیام یقینی بنا یاجائے۔

Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات