اسلام ابدی ضابطہ حیات ہے، رسول اکرم ؐ کی تعلیمات میں انسانیت کو درپیش تمام مسائل کا حل موجود ہے‘عرفان مشہدی

دشمنان اسلام اپنی پوری طاقت کے ساتھ اسلام کو مٹانے کے درپے ہیں مگر وہ اسلام کے چراغ کو بجھانے میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتے

جمعہ 4 مئی 2018 21:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2018ء) مرکزی جماعت اہلسنت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ علامہ سید عرفان مشہدی نے کہا کہ حضور ؐ نے نظام سیاست و طرز حکمرانی کی بنیاد عدل، مساوات، انسان دوستی، بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ، فرض شناسی، خود احتسابی، دیانت اور امانت کے اعلیٰ اصولوں پر استوار کی، امانت داری ایمان کا حصہ ہے ، اسلام ایک کامل دین اور ابدی ضابطہ حیات ہے، رسول اکرم ؐ کی تعلیمات میں انسانیت کو درپیش تمام مسائل کا حل موجود ہے، محسن انسانیت حضور اکرم ؐ نے جو تعلیمات عطاء کیں ان میں تمام مسائل کا حل اور ہر عہد کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کا جامع دستور موجود ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز جمعہ کے خطبہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ دین اسلام کے علاوہ دنیا کے کسی مذہب نے مزدوروں کے حقوق کا تحفظ نہیں کیا ،اور سب پر واضح کردیا کہ مزدور ی مزدوری اس کا پسینہ خشک ہونے سے پہلے ادا کی جائے، دشمنان اسلام اپنی پوری طاقت کے ساتھ اسلام کو مٹانے کے درپے ہیں مگر وہ اسلام کے چراغ کو بجھانے میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتے اگر آج اُمت مسلمہ سچے دل سے رسول اللہ ؐ کی تعلیمات کی پابند ہو جائے تو آج بھی مسلمانوں کو عظمت رفتہ حاصل ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام پاکستان کا ملک کا مقدر ہے کلمہ کے نام پر بننے والے مملکت کو بے دین ریاست نہیں بننے دیں گے۔

متعلقہ عنوان :