کوئٹہ،ٹرانسپورٹروں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد

حکومت ماہانہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کرکے عوام سے جینے کا حق چھین رہی ہے،چیئرمین بلوچستان بس فیڈریشن

جمعہ 4 مئی 2018 22:16

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 مئی2018ء) بلوچستان بس فیڈریشن کے چیئرمین حاجی محمد اختر کاکڑ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے فیصلے کے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اپنی شاہ خرچیاں پوری کرنے کے لئے عوام پر بلاجواز طورپر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے بوجھ ڈال رہی ہے جس سے عوام کی مشکلات مزید بڑھ جائیں گی کیونکہ حکومت کو ٹرانسپورٹروں اور عوام سے کوئی سروکار نہیں جس کی وجہ سے حکومت ماہانہ بنیادوں پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کرکے عوام سے جینے کا حق چھین رہی ہے انہوں نے کہا کہ قیمتوں میں اضافے سے ضروریات زندگی کی تمام اشیاء کی قیمتیں بھی بڑھ جائیں گی اور مہنگائی کا ایک اور سیلاب برپا ہو گا رمضان المبارک کی آمد آمد ہے اور حکمرانوں نے عوام کو ریلیف دینے کی بجائے ان پر مزید مہنگائی کا بوجھ ڈال دیا ہے جس سے گاڑیوں کے کرایہ ٹرانسپوٹیشن میں بھی اضافہ ہو اہے اور لوگوں کی قوت خرید پر فرق پڑے گا انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کئے گئے اضافے کو واپس لیکر عوام کو ریلیف دے تاکہ عوام دو وقت کی روٹی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ اس بڑھتی ہوئی مہنگائی سے نجات حاصل کر سکیں۔