سٹی ٹریفک پولیس کا رحمان آباد میں گاڑیوں کے جمعہ بازار کے خلاف بڑے پیمانے پر گرینڈ آپریشن

جمعہ 4 مئی 2018 23:13

راولپنڈی04مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2018ء) سٹی ٹریفک پولیس نے رحمان آباد میں گاڑیوں کے جمعہ بازار کے خلاف بڑے پیمانے پر گرینڈ آپریشن کیا۔ اس ضمن میں 12گاڑیوں کے ڈرائیوروں کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی سیکشن 341کے تحت تھانہ صادق آباد میں 06مقدمات درج کروا دیئے اور گاڑیاں تھانے بند کردیں ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی اور ضلعی پولیس کے مشترکہ سکواڈ نے گزشتہ روز جمعہ کو رحمان آباد میں گاڑیوں کے جمعہ بازار نہ لگنے کے حوالے سے بڑے سخت اقدامات اٹھائے اس سلسلے میں چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی ایس ایس پی بلال افتخار کی خصوصی ہدایت پر ٹریفک پولیس کی خصوصی نفری جمعہ بازار والی جگہ کے ارد گرد موجود رہی لفٹر سٹاف کی بھی سپیشل ڈیوٹیاں لگائی گئیں تاکہ گاڑیوں کے جمعہ بازار کے خلاف موثر کاروائی کرتے ہوئے جمعہ بازار کو مکمل ناکام بنایا جا سکے اسی سلسلے کو مدنظر رکھتے ہوئے راولپنڈ ی ٹریفک پولیس نے گاڑیوں کے جمعہ بازار پر پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے 12گاڑیوں کی ڈرائیوروں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے ان کی گاڑیاں تھانہ صادق آباد میں بند کر دیں اور سیکشن 341ت پ کے تحت 6مقدمات کا اندراج کر وا دیا ٹریفک پولیس کی بہترین کاروائی پر اہل علاقہ اور شہریوں نے ٹریفک پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔