سیالکوٹ کے صحافیوں نے ہر مشکل اور کٹھن مراحل میں ہمیشہ اپنے فرائض کو بخوبی نبھایا ہے‘ حنا ارشد وڑائچ

جمعہ 4 مئی 2018 23:20

سیالکوٹ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2018ء)چیئرپرسن ضلع کونسل سیالکوٹ حناء ارشد وڑائچ نے کہا ہے کہ قومی تعمیر و ترقی اور سماجی و معاشرتی اصلاح میںصحافت کا مثبت کردار ہمیشہ مسلمہ رہا ہے۔مثبت و تعمیراتی صحافت کا کچھ بھی نعم البدل نہیں ہے۔آزادی صحافت سماجی و معاشرتی نکھار کے لئے ازحد ضروری ہے۔ یوم آزادی صحافت کے موقع پر چیئرپرسن نے کہا کہ صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہے جس کی اہمیت سے انکار کسی بھی صورت ممکن نہیں۔

آزاد صحافت نے ہمیشہ قوموں کی ترقی اور عروج میں اہم فرنٹ لائن رول ادا کیا ہے۔ اہل قلم اور اہل صحافت بلاشبہ عظیم لوگ ہیں۔ حناء ارشد وڑائچ نے سیالکوٹ کے صحافی باشعورہیں۔ ان کی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں، فرائض اور گرانقدر خدمات قابل تحسین ہیں۔

(جاری ہے)

اہل صحافت نے ہمیشہ عوامی مسائل اجاگر کرنے، حکومتی اقدامات کی ترویج اور اہم سماجی، معاشرتی اور قومی معاملات پر رائے عامہ ہموار کرنے میں انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے۔

چیئرپرسن نے پیشہ وارانہ صحافتی فرائض کی ادائیگی میں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے صحافیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت صحافی برادری کو درپیش مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور ان کے حل کیلئے موثر اقدامات کر رہی ہے۔ حناء ارشد وڑائچ نے کہا کہ صحافی کسی بھی معاشرے کی آنکھیں اور کان ہوتے ہیں۔ حکومت آزادی صحافت اور رائے کے اظہارکی آزادی پر بھرپور یقین رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت صحافیوں ، ان کے اہل خانہ اور ان کے جان و مال کے تحفظ کے لئے بھی موثر اقدامات کر رہی ہے۔چیئر پرسن نے کہا کہ سیالکوٹ کے صحافیوں نے ہر مشکل اور کٹھن مراحل میں ہمیشہ اپنے فرائض کو بخوبی نبھایا ہے۔ جبکہ صحافی لوگوں میں سماجی، معاشرتی اور سیاسی شعور کی بیداری میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔