وزیراعلی مریم نواز کے پنجاب دھی رانی پروگرام کی شیخوپورہ میں تقریب

جمعرات 16 اکتوبر 2025 18:08

وزیراعلی مریم نواز کے پنجاب دھی رانی پروگرام کی شیخوپورہ میں تقریب
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2025ء) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے پنجاب دھی رانی پروگرام کی تقریب شیخوپورہ میں منعقد ہوئی۔تقریب میں صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال سہیل شوکت بٹ نے خصوصی شرکت کی۔ اراکین صوبائی اسمبلی رانا حسن ریاض، پیر اشرف رسول، سیکرٹری سوشل ویلفیئر، ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ، سیاسی و سماجی رہنمائوں اور دولہا دلہن کے عزیز و اقارب نے بھی شرکت کی۔

تقریب میں 150جوڑوں کی اجتماعی شادی کا اہتمام کیا گیا، جس میں ضلع شیخوپورہ سے تعلق رکھنے والے 142مسلم اور 8اقلیتی نوبیاہتے جوڑوں نے شرکت کی۔صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ اور دیگر وزرا نے نوبیاہتہ جوڑوں کو وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی طرف سے مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلی پنجاب کی جانب سے دھی رانی سلامی کارڈ کے ذریعے ہر جوڑے کو 2لاکھ روپے کی مالی امداد دی گئی۔

صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ پنجاب دھی رانی پروگرام ایک تاریخی اقدام ہے اور اس انقلابی پروگرام کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے جوڑوں کو تحائف دیے جا رہے ہیں اور یہ پروگرام عوام کی خدمت کے جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب اپنی بیٹیوں کے لیے شفیق ماں کا کردار ادا کر رہی ہیں اور ہر کام اللہ تعالی کی رضا اور میرٹ کے مطابق کر رہی ہیں۔ والدین اپنی بیٹیوں کا شرعی فریضہ پورا کر رہے ہیں جبکہ وزیراعلی پنجاب ان کے ساتھ شفیق ماں کی طرح کھڑی ہیں۔تقریب کے اختتام پر دولہا دلہن اور شرکا کے لیے ظہرانہ اور خصوصی دعا کا بھی اہتمام کیا گیا۔