وکلا برادری کا جمہوری عمل پاکستان کے سیاسی مستقبل کے تعین میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے، رانا مشہود احمد خان

جمعرات 16 اکتوبر 2025 17:58

وکلا برادری کا جمہوری عمل پاکستان کے سیاسی مستقبل کے تعین میں کلیدی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2025ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما و چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ وکلا برادری کا جمہوری عمل پاکستان کے سیاسی مستقبل کے تعین میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔وہ جمعرات کے روز یہاں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات کے موقع پر سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔

رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ بار سے ایسے رہنما سامنے آتے ہیں جو ملک کی نمائندگی کرتے ہیں اور قومی سطح پر مثبت کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جب تک شفاف جمہوری عمل جاری رہے گا،تب تک ملک ترقی کی راہ پر گامزن رہے گا۔ رانا مشہود کا کہنا تھا کہ بار ایسوسی ایشنز کے انتخابات ملک کا ایک بڑا جمہوری پلیٹ فارم ہے،جہاں ہر سال وکلا اپنی رائے دہی کا حق استعمال کرتے ہیں،اس سال بھی بار کا الیکشن نہایت اہمیت کا حامل ہے۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ آپریشن "بنیان مرصوص" کے بعد پاکستان کو عالمی سطح پر پذیرائی حاصل ہو رہی ہے،تاہم اس کے باوجود ملک دشمن قوتیں سازشوں میں مصروف ہیں۔رانا مشہود نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وکلا کی جدوجہد اور بارز کا جمہوری عمل ایسے ہی جاری رہنا چاہیے،اسی تسلسل سے ملک کو باصلاحیت قیادت میسر آتی ہے۔