ایم کیو ایم کا اتحاد صرف 24 گھنٹے کیلئے ہے ،ْ نبیل گبول

فاروق ستار اور عامر خان کبھی ایک ساتھ نہیں بیٹھ سکتے اور یہ صرف پیپلزپارٹی کو اپنی پاور دکھانے کیلئے ایک ہوئے ہیں ،ْانٹرویو

اتوار 6 مئی 2018 14:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سردار نبیل گبول نے دعویٰ کیا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان میں اختلافات ختم نہیں ہوئے اور پی آئی بی اور بہادرآباد کے گروپس کا اتحاد صرف 24 گھنٹے کیلئے ہے۔ایک انٹرویومیں نبیل گبول نے کہا کہ فاروق ستار اور عامر خان کبھی ایک ساتھ نہیں بیٹھ سکتے اور یہ صرف پیپلزپارٹی کو اپنی پاور دکھانے کیلئے ایک ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ میں نے فاروق ستار کو پیپلز پارٹی میں آنے کی دعوت دی مگر وہ اپنی ہی جماعت کے مخالف گروپ کے پاس چلے گئے تاہم ہم سمجھتے ہیں یہ دونوں گروپس ہماری وجہ سے ہی ایک ہونے پر مجبور ہوئے۔انہوںنے کہاکہ فاروق ستار نے ماضی میں عامر خان پر سنگین نوعیت کے الزامات عائد کیے جس کی وجہ سے وہ کبھی بھی ان کے ساتھ بیٹھنا پسند نہیں کرسکتے۔

(جاری ہے)

پی پی پی رہنما کے مطابق یہ دوستی صرف عارضی ہے اور جلد ہی یہ پھر سے ایک دوسرے کی مخالفت کرنے لگیں گے اور اس کی واضح مثال عامر خان کا خود اپنا بیان ہے جس میں انہوں نے کہا کہ جو آخر میں خطاب کرے گا وہ ہی پارٹی کا سربراہ ہے اور وہ خطاب میں ہی کروں گا۔انہوںنے کہاکہ جس طرح سے کراچی کی سڑکوں پر جاگ مہاجر جاگ کے بینرز لگائے گئے یہ بہت خطرناک پیغام ہے اور ہم اب انہیں اس شہر میں لسانی بنیادوں پر سیاست نہیں کرنے دیں گے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایم کیو ایم پاکستان کراچی میں پھر سے لسانی فسادات کروانے کی کوششیں کررہی ہے اور اسی لیے یہ نعرہ لگایا جارہا ہے۔