پاکستان کی معاشی شہ رگ کراچی ایک بار پھر روشنیوں کا شہر بن گیا ہے، گورنر سندھ

اتوار 6 مئی 2018 18:10

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی شہ رگ کراچی ایک بار پھر روشنیوں کا شہر بن گیا ہے جہاں رات گئے تک سیاسی ، سماجی ، معاشی ، ثقافتی اور دیگر سرگرمیاں جاری رہتی ہیں ، قومی معیشت میں اہم کردار ادا کرنے والے شہر میں امن و امان کا قیام موجودہ حکومت کا اہم کارنامہ ہے ، تمام اسٹیک ہولڈرز کو شہر کی ترقی و خوشحالی کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا ۔

گورنر ہائوسے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاک سرزمین پارٹی کے زیر نگرانی بزم ثقافت پاکستان کے زیر اہتمام ’’ہم زندہ قوم ہیں ‘‘ کے عنوان سے منعقدہ کیا جانے والے قومی مشاعرہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی معاشی لحاظ سے انتہائی اہمیت کا حامل شہر ہے جغرافیائی لحاظ سے بھی کراچی کو خطہ میں مرکزی حیثیت حاصل ہے ، ملک کے کونے کونے سے لوگ روزگار کی تلاش میں کراچی آتے ہیں یہی وجہ ہے کہ اس شہر کو منی پاکستان بھی کہا جا تا ہے ، گذشتہ دو دہائیوں سے شہر کے نا مساعد حالات کے باعث شہر میں غیر ملکی سرمایہ کاریہاں آنے سے ہچکچاتے تھے لیکن یہاں کے مکینوں با الخصوص تاجر برادری ، صنعت کاروں اور دیگر معاشی سرگرمیوں سے وابستہ افراد نے قومی معیشت کے استحکام کے لئے کاروبار زندگی جاری رکھا یہی وجہ ہے کہ امن و امان کے قیام کے فوراً بعد شہر میں معاشی سرگرمیوں میں تسلسل سے اضافہ ہو نا شروع ہو رہا ہے ، بے پناہ استعداد کے حامل شہر میں پر کشش سرمایہ کار ی کے وسیع مواقع دستیاب ہیں ، غیر ملکی سرمایہ کار کی پہلی ترجیح کراچی میں سرمایہ کاری پر ہوتی ہے لیکن شہر کے اصل حقائق سے غیر ملکی سرمایہ کار، صنعت کار ، تاجر اور معاشی سرگرمیوں سے وابستہ افراد کو آگاہی حاصل نہیں تھی اس لئے ہم نے امریکہ ، برطانیہ ، دبئی ، دوہا اور دیگر ممالک میں روڈ شوز میں غیر ملکیوں کو شہر کے اصل حالات سے آگاہی فراہم کرنا شروع کی جس کے نتیجہ میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہونا شروع ہو گیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیاست اپنی جگہ لیکن سب سے مقدم پاکستان اور عوام ہیں ، پا ک سرزمین پارٹی کا سیاست کے ساتھ ساتھ کراچی کے اصل حقائق کو دنیا کے سامنے لانے کے لئے مشاعرہ کا انعقاد خوش آئند ہے اسی وژن سے ہی ملک و قوم کی بہتر خدمت یقینی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں عوام ایک بار پھر اپنے حکمران منتخب کرینگے اس ضمن میں عوام بخوبی آگاہ ہیں کہ کن لوگوں نے ملک کی خدمت کی اور کن لوگوں نے ترقی کے پہیہ کو جام کرنے کی بار بار کوششیں کیں ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت نے ملک کو ندھیروں سے نکالا ، قومی معیشت مستحکم کی اور پورے ملک میں مثالی امن قائم کیا ، اگر اس دوران رخنہ نہ ڈالا جاتا تو پاکستان کے حالات مزید بہت بہتر ہوتے ،حکومت کے ناقدین بھی اس بات کا اعتراف کرتے ہیں کہ موجودہ دو ر میں بے مثل کام ہوئے ۔ مشاعرہ سے خطاب کرتے ہوئے پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال نے کہا کہ ہم دلوں کو جوڑ نے نکلے ہیں ، شہر میں بھائیوں کو بھائیوں سے ملانا ہمارا مشن ہے اور انشاء اللہ ہم اس میں ضرو ر کامیاب ہونگے ۔

انہوں نے کہا کہ شہر میں قومی مشاعرہ کے انعقاد سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا مثبت امیج اجاگر ہوگا دنیا کو پتہ چلے گا کہ کراچی کے مکین مہذب ، امن پسند ،ادب و ثقافت سے محبت کرنے والے اور برائیوں و معاشرتی خرابیوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی طاقت رکھتے ہیں ، شہر کے مکین ہی شہر کے اصل وارث ہیں ۔ رضا ہارون نے کہا کہ گورنرسندھ کی پاک سرزمین پارٹی کے منعقدہ مشاعرہ میں شرکت خوش آئند ہے ۔

قبل ازیںمشاعرہ کی صدارت امجد اسلام امجد اور نظامت ڈاکٹر عنبرین حسیب عنبر نے کی جبکہ مشاعرہ میں شریک دیگر شعراء میں انور شعو ر ، عنایت علی خان ، شاہد حسن ، عتیق جیلانی ، خالد معین ، اجمل سراج ، وصی شاہ ، فاضل جمیلی ، ریحانہ روحی ، احمد رضوان، رحمان فارس ، اے ایچ خانزادہ ، سیمان نوید ،عمران شمشاد ، ہدایت ساحر ، یاسمین یاس ، ثانی سید ، عبد الرحمن مومن ، ڈاکٹر سکندر ، سلیم عکاس ، نیل احمد اور افشاں سحر شامل تھے ۔ اس موقع پرآرٹس کونسل کے سربراہ احمد شاہ ، پی ایس پی کے مصطفی کمال ، رضاہارون اور وسیم آفتاب اور دیگر رہنمائوں سمیت عمائدین شہر کی بڑی تعداد موجود تھی۔