توہین عدالت کیس ، وزیرداخلہ احسن اقبال (آج)طلب

سپریم کورٹ میں بھی وزیر داخلہ کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر

اتوار 6 مئی 2018 20:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 مئی2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال کے خلاف دائر توہین عدالت درخواست پر انھیں نوٹس جاری کرتے ہوئے (آج) پیر کوطلب کر لیاجبکہ سپریم کورٹ میں بھی وزیر داخلہ کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی پر مشتمل فل بینچ نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی متفرق درخواست پر سماعت کی، درخواست میں احسن اقبال اور پیمرا سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا تھا۔

درخواست گزار نے موقف اختیار کہ وزیر داخلہ احسن اقبال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عدلیہ کو تنقید کا نشان بنایا، پیمرا کو عدالت نے پابند کر رکھا ہے کہ عدلیہ مخالف تقاریر نشر نہ کی جائے اس کے باجود احسن قبال کی عدلیہ مخالف تقاریر میڈیا پر نشر کی گئی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت احسن اقبال کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے جبکہ پیمرا کو عدلیہ مخالف تقاریر نشر کرنے سے روکنے کے احکامات جاری کیے جائیں، عدالت نے احسن اقبال کو ذاتی حثیت میں پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت (آج) پیر تک ملتوی کر دی تھی ۔

دوسری جانب سپریم کورٹ میں محمود اخترنقوی کی جانب سے درخواست دائر کی گئی، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ احسن اقبال نے اپنے بیان میں چیف جسٹس کی توہین کی، احسن اقبال کو آئین کے آرٹیکل 63-64 کے تحت نااہل قرار دیا جائے، اور احسن اقبال سے 2008-2018 تک وصول کی گی تمام مراعات اور تنخواہ واپس لی جائے۔