عوام پیپلزپارٹی کا ساتھ دیں ،بلاول بھٹو کو اپنی منزل تک پہنچائیں، شگفتہ جمانی

ملک میں عوام کا راج ہو گا، پارٹی نے ملک کو بیرونی خطرات سے بچانے کی کوشش کی ہے ، اس کی قیادت نے ملک کیلئے قربانیاں دیں ، ملک سے فرار ہونے کے بجائے جیلوں کی سختیاں اور پھانسی کے پھندوں پر چڑھے ہیں پیپلزپارٹی خواتین ونگ کی صوبائی صدر کی پریس کانفرنس کے دوران عوام سے اپیل

اتوار 6 مئی 2018 21:00

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 مئی2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی خواتین ونگ کی صوبائی صدر اور رُکن قومی اسمبلی شگفتہ جمانی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پیپلزپارٹی کا ساتھ دیں اور اس کے ہاتھ مضبوط کریں اور بلاول بھٹو کو اپنی منزل تک پہنچائیں۔ تاکہ اس ملک میں عوام کا راج ہوسکے۔ حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی نے ملک کو بیرونی خطرات سے بچانے کی کوشش کی ہے ۔

اس کی قیادت نے ملک کیلئے قربانیاں دیں ، ملک سے فرار ہونے کے بجائے جیلوں کی سختیاں اور پھانسی کے پھندوں پر چڑھے ہیں ۔ پیپلزپارٹی کی قیادت کے سواء کوئی ایسی پارٹی نہیں ہے جس کی قیادت عوام کیلئے تڑپتی ہے۔ شگفتہ جمانی نے کہاکہ ثمینہ شاہ جنہوں نے ایم کیوایم چھوڑ کر پیپلزپارٹی میں شمولیت کی ہے انہیں یہ محسوس ہوا کہ پیپلزپارٹی ہی میری اصل جماعت ہے۔

(جاری ہے)

پریس کانفرنس میں پیپلزپارٹی کے ضلعی صدر صغیر قریشی، صوبائی رابطہ سیکریٹری نعمان شیخ، احسان ابڑو، ہیرسوھو، پاشا قاضی اور دیگر بھی موجو دتھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکومت اپنی رٹ کھوچکی ہے ، ایک وزیراعظم نااہل ہوگئے اور ان کی جگہ آنے والے وزیر اعظم اپنی ذمہ داری انجام دینے کو تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک وہ لیڈر ہیں جو اسمبلیوں کو ماننے کو تیار نہیں، پارلیمنٹ پر لعنت بھیجتے ہیں اور اب وہ وزیراعظم بننے کے خواب دیکھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اب سندھ میں خوف وہراس کی سیاست ختم ہورہی ہے ، سیاسی کارکنان آج خود کو آزاد محسوس کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ حق وسچ کی بات کی ہے، سچائی کا ساتھ دیا ہے ، 2018ء کے انتخابات میں پیپلزپارٹی پورے ملک سے کامیابی حاصل کرے گی۔ اس موقع پر مختلف تنظیمیں چھوڑ کر پیپلزپارٹی میں شامل ہونے والی 25 سے زائد خواتین بھی موجود تھیں۔