حیدرآباد، مسلم لیگ(ن) کی ناروال میں وزیر داخلہ احسن اقبال پر قاتلانہ حملے کی مذمت

احسن اقبال پر قاتلانہ حملہ جمہوریت پر قاتلانہ حملے کے مترادف ہے، جمہوریت دشمن قوتیں نہیں چاہتی ہیں کہ ملک میں جمہوری ادارے فروغ پائیں، جمال عارف سہروردی

اتوار 6 مئی 2018 21:50

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کی مرکزی کونسل کے رُکن جمال عارف سہروردی نے ناروال میں وفا قی وزیر داخلہ احسن اقبال پر قاتلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ احسن اقبال پر قاتلانہ حملہ جمہوریت پر قاتلانہ حملے کے مترادف ہے، جمہوریت دشمن قوتیں نہیں چاہتی ہیں کہ ملک میں جمہوری ادارے فروغ پائیں ۔

(جاری ہے)

احسن اقبال مسلم لیگ(ن) کے وہ بہادر رہنما ہیں جو بدترین حالات میں بھی پارٹی کے ساتھ رہے ہیں اور ملک دشمن اور جمہوریت دشمنوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ احسن اقبال پر حملہ نہ صرف بزدلانہ عمل ہے اس طرح کے حملوں سے نہ تو مسلم لیگ (ن) کے رہنما و کارکنوں کو خوفزدہ کیا جاسکتا ہے اور نہ ہی اس سے جمہوریت کو نقصان پہنچایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس واقعے میں ملوث دہشت گردکو سخت سے سخت سزا دی جائے اور اس کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرائی جائے۔