عام انتخابات کیلئے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کیلئے نادرا آن لائن سسٹم کا سافٹ ویئر تیار کر یگا

الیکشن کمیشن کی منظوری کے بعد نیب ، ایف بی آر ، ایف آئی اے،سٹیٹ بینک اورریٹرننگ افسران نظام سے منسلک ہوںجائیں گے، سافٹ ویئر سے تمام امیدواروں کے کوائف نادرا کو فراہم کئے جائیں گے، وہ امیدواروں سے متعلق معلومات الیکشن کمیشن اورمتعلقہ اداروں کو فراہم کرے گا،تمام ادارے ضروری کارروائی کے بعد امیدواروں سے متعلق معلومات الیکشن کمیشن کو دیں گے

پیر 7 مئی 2018 21:43

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 مئی2018ء) عام انتخابات 2018 کے لئے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے لئے نادرا آن لائن سسٹم کا سافٹ ویئر تیار کر ے گا ، الیکشن کمیشن کی منظوری کے بعد نیب ، ایف بی آر ، ایف آئی اے،سٹیٹ بینک اورریٹرننگ افسران اس نظام سے منسلک ہوں جائیں گے، سافٹ ویئر کے ذریعے تمام امیدواروں کے کوائف نادرا کو فراہم کئے جائیں گے،نادراامیدواروں سے متعلق معلومات الیکشن کمیشن اورمتعلقہ اداروں کو فراہم کرے گا،تمام ادارے ضروری کارروائی کے بعد امیدواروں سے متعلق معلومات الیکشن کمیشن کو دیں گے اور الیکشن کمیشن یقینی بنائے گا کہ تمام ریٹرننگ افسران کو سکروٹنی کے دوران یہ معلومات دسیتاب ہوں۔

تفصیلات کے مطابق پیر کو الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ممبران الیکشن کمیشن ، سیکرٹری الیکشن کمیشن ، الیکشن کمیشن کے سئینر افسران سمیت نادرا، سٹیٹ بینک آف پاکستان ، ایف بی آر، نیب ، پیپکو، سوئی گیس اور ایف آئی اے کے افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کا مقصد عام انتخابات 2018میں امیدواروں کی آن لائن سکرونٹی کے لئے ایک ایسا سسٹم تیار کر نا ہے جس کے تحت نیب، ایف بی آر، ایف آئی اے ، سٹیٹ بینک ، الیکشن کمیشن سے لنک ہوں تاکہ امیدواران سے متعلق ضروری معلومات تمام ریٹرننگ افسران کو مہیا کی جائیں۔

اس نظام کا مقصد امیدواروں کی سکروٹنی کے عمل کو شفا ف بنانا ہے۔اجلاس میں طے ہے ہوا کہ نادرا آن لائن سکروٹنی سسٹم کا سافٹ ویئر تیار کریگا اس سافٹ ویئر کی الیکشن کمیشن سے منظوری کے بعد مذ کورہ بالا تمام ادارے اور ریٹرننگ افسران اس نظام سے منسلک ہو جائینگے۔ اس سافٹ ویئر کے ذریعے تمام امیدواروں کے کوائف نادرا کو فراہم کئے جائیں گے۔نادراامیدواروں سے متعلق معلومات الیکشن کمیشن اور مذکورہ بالا اداروں کو فراہم کرے گا۔اور تمام ادارے ضروری کارروائی کے بعد امیدواروں سے متعلق معلومات الیکشن کمیشن کو دیں گے اور الیکشن کمیشن یقینی بنائے گا کہ تمام ریٹرننگ افسران کو سکروٹنی کے دوران یہ معلومات دسیتاب ہوں۔