ملک کی تعمیروترقی میں ٹرانسپورٹرز کا اہم کردار ہے، چیئرمین بلدیہ جنوبی

منگل 8 مئی 2018 13:38

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2018ء) چیئرمین بلدیہ جنوبی کراچی ملک محمد فیاض نے کہا ہے کہ ملک کی تعمیروترقی میں ٹرانسپورٹرزکااہم کردار ہے، ہمارے بزرگوں نے دن رات محنت کرکے کراچی کی ترقی میں اپنا حصّہ ڈالا۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے کراچی پریس کلب میں فرینڈزآف پاکستان کی جانب سے اپنے اعزاز میں دی گئی عشائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر کراچی پریس کلب کے صدر احمدخان ملک، صدر کے جی سی اے نورخان نیازی،ملک شیرخان سی ای اوشاہین فریٹ،یوسی چیئرمین ملک فضل اعوان،ملک مصباح الحق اعوان ،حافظ عبدالستار،ڈاکٹر لطیف نیازی،حاجی شیرزمان،حاجی اسماعیل،حاکم نیازی، ملک اسحاق، یوسی چیئرمین حبیب حسن،حاجی احمد مجاہد،سلطان مدنی،سیّدامیرحسین شاہ، ظہیراحمدمٹھو، رانا محمد اسلم اور ملک شفیق اعوان اور میانوالی برادری سمیت دیگرمعززین بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

چیئرمین ملک محمد فیاض نے کہا کہ اپنے اعزاز میں تقریب اور اس موقع پر ملنے والاخلوص اور محبت میرا قیمتی اثاثہ ہے جس کے لیے آپ سب کا مشکور ہوں۔انھوں نے کہا کہ ہمیں ٹرانسپورٹ برادری کودرپیش مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ تعلیم اور صحت کے شعبے میں بھی مزید کام کرنے کی ضرورت ہے، عوام کی اجتماعی خدمت کیلئے ہم سب کو مشترکہ جدوجہدکرنا ہوگی۔

چیئرمین ملک فیاض نے اس موقع پر شہید ملک محمدخان کی شہرکراچی اور میانوالی برادری کیلئے کی گئی خدمات پرانہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے اپنی زندگی فلاحی کاموں کیلئے وقف کررکھی تھی ان کی خدمات کوہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کراچی پریس کلب کے صدر احمد خان ملک نے کہا کہ کراچی کے اہم ترین ضلع جنوبی میں چیئرمین ملک محمد فیاض نے ریکارڈ مدّت میں جوترقیاتی منصوبے مکمل کرائے ہیں ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی، ان کی خدمات کے اعتراف میں تقریب منعقد کرکے فرینڈز آف پاکستان نے قابل تحسین کام کیا ہے۔

یوسی چیئرمین ملک فضل اعوان نے کہا کہ چیئرمین بلدیہ جنوبی کے اعزاز میں تقریب پذیرائی سے انہیں مزید محنت اور حوصلے سے کام کرنے میں مددگارثابت ہوگی ۔صدر کے جی سی اے نورخان نیازی نے ٹرانسپورٹ برادری کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پرحل کرنے پر چیئرمین ملک فیاض کاشکریہ ادا کرتے ہوئے اسے مستقبل میں بھی جاری رکھنے کی درخواست کی۔ اس موقع پرملک شیرخان ،ملک مصباح الحق اعوان اورحافظ عبدالستار نے بھی خطاب کیا۔ملک ریاض نے اپنی جانب سے چیئرمین ملک محمد فیاض کو سندھ کی روایتی ٹوپی اور اجرک پہنائی۔