احسن اقبال پر قاتلانہ حملہ بزدلانہ کارروائی ہے، ہمیں ملک میں اتحاد کی فضاء کو برقرار رکھنا ہو گا، بیگم سیما جیلانی

منگل 8 مئی 2018 16:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر رہنما ورکن قومی اسمبلی بیگم سیما جیلانی نے وزیر داخلہ احسن اقبال پر قاتلانہ حملہ کی مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ کارروائی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ایسے اقدامات میں کسی بھی سیاسی جماعت کیلئے انتخابی مہم چلانا انتہائی مشکل ہو کررہ جائے گا، ہمیں ملک میں اتحاد کی فضاء کو برقرار رکھنا ہو گا۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ احسن اقبال ایک سنجیدہ اور بردبار سیاستدان ہیں اور ملک کے وزیر داخلہ ہیں ان پر حملہ پارلیمنٹ پر حملہ ہے، حملہ کے مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے اور اس کی تحقیقات کی جائیں کہ آیا یہ حملہ کیوں اور کس کی ایماء پر کیا گیا تاکہ پورا نیٹ ورک بے نقاب ہو اور آئندہ کوئی ایسا سانحہ رونما نہ ہو سکے، ہم اس گھڑی میں احسن اقبال کی تکلیف میں برابر کے شریک ہیں اور دعا گو ہیں کہ وہ جلد صحت یاب ہوں۔

(جاری ہے)

بیگم سیما جیلانی نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اپنے گذشتہ 5 سالوں میں ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا، ملک سے لاقانونیت، دہشت گردی کا خاتمہ کرکے امن و امان کی فضاء کو بہتر بنایا لیکن ایک بار پھر شرپسند عناصر ملک میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ احسن اقبال کا شمار پاکستان کے لائق اور ہونہار لوگوں میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنی تمام تر صلاحتیں پاکستان کیلئے وقف کررکھی ہیں، گذشتہ 5 سالوں میں جنہوں نے ملکی ترقی اور نواز شریف کے وژن کو عملی جامہ پہنانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔