قومی اسمبلی نے پاکستان بیت المال (ترمیمی)بل 2017 کی منظوری دیدی

بل کے تحت پاکستان بیت المال دور دراز کے علاقوں میں معذور بچوں کیلئے بحالی مراکز قائم کریگا

منگل 8 مئی 2018 23:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 مئی2018ء) سینیٹ کے بعدقومی اسمبلی نے بھی پاکستان بیت المال (ترمیمی)بل 2017 کی منظوری دیدی۔بل کے تحت پاکستان بیت المال دور دراز کے علاقوں میں معذور بچوں کیلئے بحالی مراکز قائم کریگا۔

(جاری ہے)

منگل کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید نوید قمر نے پاکستان بیت المال ایکٹ 1991میں مزید ترمی کرنے کا بل( پاکستان بیت المال(ترمیمی)بل 2017) سینٹ سے منظور کردہ صورت میں فی الفور زیر غور لانے کی تحریک پیش کی۔

تحریک کی منظوری کے بعد سپیکر ایاز صادق نے بل کی ایوان سے شق وار منظوری لی،جسکے بعدسید نوید قمر نے بل منظوری کیلئے پیش کیا جس کی ایوان نے منظوری دے دی۔بل کے تحت پاکستان بیت المال معذور بچوں کی بحالی کیلئے بحالی خدمات اور مراکز بحالی قائم کرنے کیلئے احکام وضع کریگا۔پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے بل منظور ہونے کے بعد صدر مملکت کے دستخط سے بل باقاعدہ قانون بن جائے گا۔