Live Updates

پاکستان عوامی تحریک نے نواز شریف کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی

اسٹیبلشمنٹ نے نا اہل نواز کو ضرورت سے زیادہ برداشت کیا، نا اہل نواز شریف کھلے عام آئینی اداروں کے خلاف سازش کر رہے ہیںاور اپنی کرپشن چھپانے اور سزائوں سے بچنے کیلئے بلیک میلنگ کر رہے ہیں،خرم نوا ز گنڈا پور کی گفتگو

بدھ 9 مئی 2018 23:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 مئی2018ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ ایک محب وطن شہری کی حیثیت سے نا اہل نواز شریف کی طرف سے جلسوں میں عدلیہ اور معزز ججز کے بارے میں کی جانیوالی مسلسل ہرزہ سرائی پر سپریم کورٹ سے رجوع کیا۔نواز شریف اور مریم نواز نوجوان نسل کو لاقانونیت پر اکسا رہے ہیں اور ملک میں دنگا فساد چاہتے ہیں۔

اسٹیبلشمنٹ نے نا اہل نواز شریف کو ضرورت سے زیادہ برداشت کیا اور اسکی مجرمانہ حرکتوں سے چشم پوشی اختیار کئے رکھی۔نا ہنجار ضدی بچہ ناز اٹھائے جانے سے انکار پر آجکل چیخ و پکار کے ساتھ ساتھ برتن توڑ رہا ہے۔وہ گزشتہ روز اسلام آبادہائی کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کرنے کے بعدمیڈیا اور کارکنان سے گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ نا اہل نواز شریف کھلے عام آئینی اداروں کے خلاف سازش کر رہے ہیںاور اپنی کرپشن چھپانے اور سزائوں سے بچنے کیلئے بلیک میلنگ کر رہے ہیں۔

خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ نواز شریف کے وکیل نہیں چاہتے کہ احتساب عدالت جلد فیصلہ سنانے کی پوزیشن میں آئے ،غیر ضروری بحث اور تاخیری ہتھکنڈوں سے کیس کو طول دیا جا رہا ہے۔ ،نواز شریف کے وکیل نے احتساب عدالت میں اس خواہش کا اظہار کیا کہ تین ماہ مزید سماعت چلتے رہنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ قومی لٹیروں کو صفائی کا پورا موقع ملنا چاہیے تا کہ بعد میں فیصلہ عجلت میں کئے جانے کا پروپیگنڈا نہ ہو سکے ۔

خرم نواز گنڈا پور نے بھارت میں4.9ارب ڈالر بھجوائے جانے پر نیب کے نوٹس پر کہا کہ نیب نے فی الحال نوٹس لیا ہے اس پر آسمان سر پر اٹھانے کی ضرورت نہیں ہے یہ بات تحقیق طلب ہے کہ 2010 سے 2012 کے درمیان ایک ڈالر بھی بھارت نہیں گیا جبکہ2013 سے 2015 تک 4.669 بلین ڈالر بھیجے جانے کی اطلاعات ہیں اسکی تصدیق بھارتی سٹیٹ بنک سے بھی ہو رہی ہے۔نیب کا بھارت بھاری رقم بھجوائے جانے کے نوٹس پر فائنل تحقیقات کا انتظار کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت ڈالر نہ بھجوائے جانے کی رپورٹ دینے والے سابق گورنر سٹیٹ بنک کو ای سی ایل پر ڈالا جائے اور تفتیش کی تکمیل تک اس پر نظر رکھی جائے۔انہوں نے کہا کہ جرم کوئی بھی ہو جب اسکا تعلق شریف برادران سے جوڑا جاتا ہے تو وہ سچ لگتا ہے کیونکہ پاکستان میں ہر قسم کے اقتصادی،معاشی جرائم کو اشرافیہ نے فروغ دیا۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات