چیف جسٹس نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سمیت تمام ایئرلائنز کے چیف ایگزیکٹوز کو طلب کرلیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 10 مئی 2018 11:49

چیف جسٹس نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سمیت تمام ایئرلائنز کے چیف ایگزیکٹوز ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔10 مئی۔2018ء) چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثارنے 12مئی کو کراچی میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سمیت تمام ایئرلائنز کے چیف ایگزیکٹوز کو طلب کرلیا ہے۔سپریم کورٹ میں ایئرلائنزکے ملازمین کی جعلی ڈگریوں کے معاملے پر سماعت ہوئی، دوران سماعت ڈائریکٹر سول ایوی ایشن نے بتایا کہ نجی ایئرلائن کے مالک شاہد خاقان عباسی ہیں جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ شاہد خاقان عباسی کو چیئرمین کی حیثیت سے بلالیتے ہیں کراچی آجائیں لیکشن بطور وزیراعظم نہ آئیں۔

چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ کی ایئرلائنز ملازمین کی جعلی ڈگریوں کے معاملے کی سماعت کی۔عدالت نے 12 مئی کو تمام ایئر لائنز کے چیف ایگزیکٹوز کو کراچی رجسٹری میں پیش ہونے کا حکم دے دیا ہے۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے پوچھا ایئر بلیو کا مالک کون ہے، ڈائریکٹر سول ایوی ایشن نے بتایاایئر بلیوکے مالک شاہد خاقان عباسی ہیں۔

چیف جسٹس نے کہاسمن کردیتے ہیں بطور چیئرمین ایئر بلیو کراچی آجائیں ، بطور وزیراعظم نہ آئیں۔عدالت نے کہاابھی تک ایئرلائنز کی جانب سے ان کے ملازمین کا مکمل ڈیٹا نہیں دیا گیا، ایئرلائنز کے چیف ایگزیکٹوز پیش ہوکر معاملے کی وضاحت کریں۔وکیل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے عدالت کو بتایا کہ پی آئی اے اور شاہین ایئرلائن کی جانب سے ڈیٹاآیاہے۔

ڈائریکٹر سول ایوی ایشن نے کہا 1972ملازمین کے ڈیٹا کی تصدیق کا کہا گیا تھا،تاہم ابھی تک 225ملازمین کا ڈیٹا آیا ،جن میں سے 108کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ 117ملازمین کی تصدیق باقی ہے، بہت سے ملازمین کی ڈگریاں جعلی ہیں،24پائیلٹس کی ڈگری جعلی ثابت ہوئی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ پاکستان میں کتنی ائیر لائنز کام کر رہی ہیں؟۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے بتایا کہ پی آئی اے، شاہین، ائیر بلیو اور سیرین ائیر لائین کام کر رہی ہیں۔